پنجاب کلین سٹیز روڈمیپ پروگرام کا آغاز ،دیہی علاقوں کی صفائی کیلئے بجٹ میں 15 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں‘ منشاء اللہ بٹ

جمعرات 15 جون 2017 13:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2017ء) صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ پنجاب کلین سٹیز روڈمیپ پروگرام کا پہلے مرحلے میں 7 شہروں سے آغاز کیا گیا ہے اور شہروں کے ساتھ دیہی علاقوں کو صاف ستھرا بنانے کا پروگرام بھی مرتب کیا گیا ہے ،دیہی علاقوں کی صفائی کیلئے بجٹ میں 15 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں،لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، بہاولپور، راولپنڈی اور سیالکوٹ میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے ذریعے کلین سٹیز پروگرام پر عمل کیا جا رہا ہے جس سے ان شہروں میں صفائی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، تاہم ابھی اس حوالے سے بہت کچھ کرنا ہے۔

انہوں نے اپنے آفس میں محتلف اضلاع سے آئے مسلم لیگی کارکنوں سے ملاقات میں کہا کہ شہروں کو صاف ستھرا بنانے میں میئرز صاحبان کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

عوام نے انہیں منتخب کیا ہے اور عوام کو خدمات فراہم کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے، عوام کو صفائی کے بارے میں آگاہی دینے کیلئے بھرپو رمہم چلائی جائے۔

صفائی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے لوگوں کو بھی اس پروگرام میں شامل کرنا ہوگا۔ انہو ںنے کہا کہ لینڈ فل سائٹس ڈویلپ کرنا بھی ضروری ہے۔ دیہات میں لینڈ فل سائٹس کیلئے موزوں مقامات کی نشاندہی کی جائے۔ انہو ںنے کہا کہ زبانی کلامی یا باتوں سے نہیں، اب اداروں کو کام کرکے دکھانا ہے۔ محنت سے قومیں بنتی ہیں،جرمنی اور جاپان کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں اورنیت نیک ہوتو اللہ بھی مدد کرتا ہے۔

ہمیں نیک نیتی، محنت اور عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔ انہو ںنے کہا کہ محنت، محنت اور صرف محنت ہی کامیابی کی کنجی ہے۔ تاریخ سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنے والی قومیں کامیاب ہوئی ہیں اور ہمیں بھی ماضی کی کوتاہیوں اور غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہے اور اپنی قوم اور معاشرے کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے مل کر کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہروں اور دیہات کو صاف کرنا ہمارا عزم ہے۔