انسداد پولیو کے لئے یونین کونسل کی سطح پر مربوط اورموثر حکمت عملی کے ذریعہ پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن ہے،یونیسف

جمعرات 15 جون 2017 10:50

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2017ء) اقوام متحدہ کے ادارہ اطفال یونیسف کی نائب سربراہ کرسٹین مونڈانٹیڈ نے خیبر پختونخوا میں پولیو کے خاتمہ کی کامیاب کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انسداد پولیو کے لئے یونین کونسل کی سطح پر مربوط اور موثرحکمت عملی کے ذریعہ پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے دورہ پشاور کے موقع پر پولیو کے حوالہ سے ہائی رسک یونین کونسل شاہین مسلم ٹائون میں بنیادی صحت مرکز میں عملہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر یونیسیف کے شعبہ ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن کے سربراہ کینیڈی اونگوا، چیف فیلڈ آفیسر چارلس نزوکی، ہیلتھ سپیشلسٹ ڈاکٹر جمیل، پولیو ٹیم لیڈر ڈاکٹر جوہرخان، ڈپٹی لیڈر ہما عارف، ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر عبدی اور ابراہیم یلاہو بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے ان حکام نے شاہین مسلم ٹائون میں ویکسینیشین عملہ سے ملاقات کی اور پولیو کے خاتمہ کے ضمن میں کی جانے والی کاوشوں سے آگاہی حاصل کی۔

انہوں نے صوبہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے زیراہتمام پولیو کے خاتمہ کے لئے صوبائی حکومت، محکمہ صحت، ای پی آئی اور معاون بین الاقوامی اداروں کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ان اداروں اور پولیو رضاکاروں کی دن رات انتھک محنت کے نتیجہ میں خطہ میں پولیو کے مصدقہ کیسوں میں نمایاں کمی آئی ہے جو انسداد پولیو کی جانب اہم پیش رفت ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اور پارٹنر اداروں کے حکام کی موثر نگرانی کے تحت ایک مربوط حکمت عملی سے کام کیا جائے۔کرسٹین نے اس امید کا اظہار کیا کہ پولیو کے خاتمہ کے لئے معمول لی ویکسینیشن کے عمل کو مزید بہتر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :