Live Updates

2018ء کے انتخابات میں ہمارا اور عمران خان کے درمیان مقابلہ ہوگا، ہر حلقہ سے عمران خان کے امیدوار کی ضمانت کو ضبط کریں گے ، وزیراعظم نے ملک میں ترقی و خوشحالی کا جو سفر شروع کیا ہے جاری رہے گا، قائداعظم پاکستان کو جدید پروگریسو پاکستان چاہتے تھے، وزیراعظم محمد نواز شریف نے انکے ادھورے مشن پورا کیا ہے، وزیراعظم نے قوم سے 2018ء میں پاکستان سے لوڈ شیڈنگ کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ کرنے کا وعدہ کیا ہے

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی کاافطار ڈنر سے خطاب

بدھ 14 جون 2017 22:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2017ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ 2018ء کے انتخابات میں ہمارا اور عمران خان کے درمیان مقابلہ ہوگا، اورہر حلقہ سے عمران خان کے امیدوار کی ضمانت کو ضبط کرادیں گے اور نواز شریف کا چراغ جلتا رہے گا، وزیراعظم نے ملک میں ترقی و خوشحالی کا جو سفر شروع کیا ہے وہ جاری و ساری رہے گا، قائداعظم پاکستان کو جدید پروگریسو پاکستان چاہتے تھے وزیراعظم محمد نواز شریف نے انکے ادھورے مشن پورا کیا ہے، وزیراعظم جو وعدہ کرتے ہیں اسے پورا کرتے ہیں اور انہوں نے قوم سے 2018ء میں پاکستان سے لوڈ شیڈنگ کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ کرنے کا وعدہ کررکھا ہے جسے ہر صورت پورا کیا جائے گا۔

وہ بدھ کو یہاں پیر علی رضا بخاری کی جانب سے افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر علماء مشائخ اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کروڑوں عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں، انہوں نے 1985ء میں بطور وزیراعلیٰ پنجاب ترقی کا سفر شروع کیا، اس کے بعد عوام نے اپنے ووٹوں کی طاقت سے انہیں تیسری مرتبہ وزیر اعظم منتخب کیا ۔

انہوں نے بطور وزیراعظم پورے ملک میں ترقی کا جال بچھایا۔ لاہور سے جو لوگ جی ٹی روڈ کے راستے 6 سے 7 گھنٹے میں سفرکرتے تھے وہ اب موٹروے کے ذریعے کم وقت میں سفر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کو جب تیسری مرتبہ وزارت عظمیٰ ملی تو انہوں نے ایکسپریس وے، موٹروے، ہسپتال اور تعلیمی اداروں کا جال بچھایا جس کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی وزیراعظم محمد نواز شریف کے ترقی کے اس سفر کو بھی جاری رکھا ہوا ہے۔ ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ عمران خان رمضان المبارک میں بھی جھوٹ بولتے ہیں، وہ جھوٹے الزام لگاتے ہیں، عوام کو معلوم ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے 1992ء میں بھارتی دھماکوں کے جواب میں ایٹمی دھماکے کئے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح پاکستان کو جدید پروگریسو ملک بنانا چاہتے تھے، آج قائداعظم محمد علی جناح کا ادھورا مشن وزیراعظم محمد نواز شریف نے پورا کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں سینکڑوں نعشیں گرتی تھیں، اب کراچی میں روشنیاں واپس لائی گئی ہیں، پورے ریجن میں سٹاک مارکیٹ نے 15 ہزار تک کا ٹارگٹ پورا کیا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے غریبوں کیلئے ہیلتھ کارڈ کا اجراء کیا، اس کے ساتھ ساتھ بیروزگار نوجوانوں کیلئے یوتھ بزنس لون سکیم بھی شروع کی، اسی طرح دیگر ترقیاتی پروگرام بھی جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھرمیں بجلی تعمیر کیے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے 2018ء میں لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کرنے کا جو وعدہ کیا ہے ہرصورت پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 2013ء کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو مبارکباد دی، اس کے بعد انہوں نے دھاندلی کا الزام لگایا جس میں سے ہم سرخرو ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اسلام آباد میں دھرنا دے کر ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا، ان کے دھرنے کی وجہ سے چینی صدر نے اپنا دورہ ملتوی کیا تھااور جو ترقیاتی منصوبے جلد پورے ہونے تھے وہ دھرنے کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کنٹینر پر چڑھ کر ججوں کے بارے میں نازیبا الفاظ استعمال کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کمیشن کی مد میں خیبر پختونخوا کوجو 65 کروڑ روپے ملے تھے وہ استعمال نہیں کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نتھیا گلی جا کر سرکاری وسائل استعمال کئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملہ کیا ہے، عمران خان کے جرائم کی فہرست طویل ہے ان کا بچنا مشکل نظر آ رہا ہے، ہم جے آئی ٹی میں پیش ہوئے، اگر ہم نے کوئی جرم کیا ہے تو اس کی سزا ملنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملک میں ترقی و خوشحالی کا جو سفر شروع کیا ہے وہ جاری رہے گا، ہم قانون کی پاسداری اور عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، وزیراعظم محمد نواز شریف جے آئی ٹی میں (آج) جمعرات کو پیش ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہم نے اپنے کروڑوں کارکنون کو آنے سے روک دیا ہے۔ اس موقع پر پیر علی رضا بخاری نے بھی خطاب کیا اور آخر میں ملکی سالمیت و سلامتی کیلئے دعا کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات