اسامہ بن لادن کی بیوی خیریہ اور ان کے بہت سے بچے 2010 تک ایران میں رہے، القاعدہ سربرا پر لکھی گئی کتاب میں انکشاف

القاعدہ کے اندر کی کہانی سیاسی بھی اور خاندانی بھی، ایران نے 2010 میں پشاور سے ا غوا کئے گئے ایرانی اہلکار کی رہائی کے بدلے اس کی رہائی کا سودا کیاتھا، اسامہ کے کئی بیٹے سپیشل بچے تھے، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا نام تفتیش کاروں کو خالد شیخ محمد نے تفتیش میں بہت جلدی دے دیا تھا، بن لادن کی بیویوں کو ان کی بیوی خیریہ پر شک تھا کہ ان کے ایبٹ آباد آنے سے حکام کو اسامہ کا اتا پتا معلوم ہو سکا، ابراہیم عرف ابو احمد الکویتی نے تنظیم کے پیسوں سے ایبٹ آباد میں نو پلاٹ خرید کر ان پر مکان بنوایا، ایبٹ آباد میں اسامہ کو بسانے اور ان کی دیکھ بھال کرنے والے شخص کا کوہاٹ سے تعلق تھا، الکویتی اور اس کا بھائی اسامہ بن لادن اور ان کے خاندان کو سنبھالنے کی ذمہ داری سے تھک چکا تھا ، اسامہ نے گیارہ ستمبر کے حملوں کی دسویں برسی کے بعد اس کے گھر سے چلے جائیں گے،اس سمجھوتے کو تحریری شکل دے دی گئی تھی ، اگر اسامہ یہ مہلت حاصل نہ کرتے تو شاید وہ مئی میں ایبٹ آباد سے نکل چکے ہوتے ، انکشافات سے بھرپور600صفحات پر مشتمل کتاب'' دی ایگزائل '' میں انکشاف

بدھ 14 جون 2017 21:51

اسامہ بن لادن کی بیوی خیریہ اور ان کے بہت سے بچے 2010 تک ایران میں رہے، ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جون2017ء) القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن اور ان کی تنظیم پر لکھی گئی انکشافات سے بھرپور600صفحات پر مشتمل کتاب'' دی ایگزائل ''منظر عام پر آگئی جس میں انکشاف کیاگیاہے کہ اسامہ بن لادن کی بیوی خیریہ اور ان کے بہت سے بچے 2010 تک ایران میں رہے جس کے بعد ایران نے 2010 میں پشاور سے ا غوا کئے گئے ایرانی اہلکار کی رہائی کے بدلے اس کی رہائی کا سودا کیاتھا،اسامہ کا بیٹا سعد 2008 میں احاطے کی دیوار پھلانگ کر جبکہ 18 سالہ بیٹی ایمان تہران کے ایک ڈیپارٹمنٹل سٹور سے ایران کی تحویل سے فرار ہو نے میں کامیاب ہوئی، القاعدہ کی مرکزی شوری نے گیارہ ستمبر یا 'طیارہ منصوبی' کو منظور کرنے سے انکار کر دیا تھا ، منصوبہ بندی اور حمایت کرنے والا شوریٰ کا رکن تھا ، اسامہ بن لادن کے کئی بیٹے سپیشل بچے تھے، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا نام تفتیش کاروں کو خالد شیخ محمد نے تفتیش میں بہت جلدی دے دیا تھا، اسامہ بن لادن کی بیویوں کو ان کی بیوی خیریہ پر شک تھا کہ ان کے ایبٹ آباد آنے سے حکام کو اسامہ کا اتا پتا معلوم ہو سکا، ابراہیم عرف ابو احمد الکویتی نے تنظیم کے پیسوں سے ایبٹ آباد میں نو پلاٹ خرید کر ان پر مکان بنوایا، ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کو بسانے اور ان کی دیکھ بھال کرنے والے شخص کا کوہاٹ سے تعلق تھا اور اس کام پر اسے خالد شیخ محمد نے لگایا تھابرطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ تورا بورا سے فرار اور تقریبا دس سال بعد ایبٹ آباد میں امریکی سپیشل فورسز کے ہاتھوں ہلاکت کے درمیانی عرصے میں القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کہاں تھے اور ان پر کیا گزری ،اس سوال کے جواب میں قیاس آرائیاں بہت ہوئی ہیں اور افواہیں بھی بہت گردش کرتی رہی ہیں لیکن اب ایک نئی کتاب میں القاعدہ کے رہنما کے اِن دس برسوں کی کہانی تفصیل سے بیان کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

القاعدہ کے سابق سربرا ہ اسامہ بن لادن پرلکھی گئی کتا ب دی ایگزائل سے لئے گئے اقتباسات کے حوالے سے رپورٹ میں کہاگیاہے کہ دا ایگزائل نامی کتاب میں نہ صرف یہ بتایا گیا ہے کہ دنیا کا مطلوب ترین مجرم کہلانے والا شخص کس طرح دنیا سے چھپا رہا بلکہ یہ بھی کہ اس کے خاندان اور تنظیم پر اس کا کیا اثر پڑا۔اس کتاب کے مصنفین کیتھرین سکاٹ کلارک اور ایڈریئن لیوی ہیں جن دونوں کا تحقیقاتی صحافت میں ایک بڑا نام ہے۔

اس کتاب میں بھی اس تحقیقاتی ٹیم نے بہت تفصیل سے معلومات جمع کی ہیں، جن میں خاص اہمیت اس کہانی کے کئی اہم کرداروں سے ان کے انٹرویوز ہیں۔اہم کرداروں کی گواہی اس کتاب کی خاص بات ہے اور اس میں نہ صرف اسامہ کی کئی بیویوں اور بچوں کے بیانات شامل ہیں بلکہ القاعدہ سے منسلک اہم افراد اور دیگر انٹیلی جنس اہلکاروں کے بھی۔ غالبا یہ پہلی مرتبہ ہے کہ اسامہ بن لادن کے خاندان نے اس دہائی پر کھل کر بات کی ہے۔

چھ سو سے زیادہ صفحات پر مشتمل اس کتاب میں کئی انکشافات شامل ہیں ۔ اسامہ بن لادن کی بیوی خیریہ اور ان کے بہت سے بچے سنہ 2010 تک ایران میں رہے۔ ان کا مقام کبھی مہمان کا ہوتا، کبھی پناہ گزین کا تو کبھی قیدی کا۔ ایران نے 2010 میں اسامہ کے خاندان اور القاعدہ کے اہلکاروں کو صرف اس لیے نکلنے دیا کہ القاعدہ نے پشاور سے ایک ایرانی اہلکار کو اغوا کر لیا تھا اور یہ اس کی رہائی کا سودا تھا۔

ایران نے 2003 میں ایک بیک چینل کے ذریعے امریکہ سے اسامہ خاندان کو اس کے حوالے کرنے کی پیشکش کی تھی لیکن امریکہ نے اس میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی اور اس پیشکش کو رد کر دیا۔ اس وقت امریکہ کی پوری توجہ عراق پر حملے کی تیاریوں پر مرکوز تھی، اور وہ عراق کا القاعدہ سے تعلق دکھانا چاہتا تھا۔ اسامہ کے دو بچے ایران کی تحویل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔

2008 میں ان کا بیٹا سعد احاطے کی دیوار پھلانگ کر بھاگ گیا بعد میں وہ وزیرستان میں ایک ڈرون حملے میں ہلاک ہوگیا اور پھر 2010 میں اسامہ کی 18 سالہ بیٹی ایمان تہران کے ایک ڈیپارٹمنٹل سٹور سے فرار ہو گئیں۔ ایمان نے دکان سے ایک گڑیا کو لے کر اپنے گود میں بچے کی طرح پکڑا، سر پر کپڑا اوڑھا اور سٹور سے نکل کر اس نے سعودی عرب میں اپنے بڑے بھائی کو فون کیا جس نے اسے سعودی سفارتخانے جانے کی ہدایت کی اور کہا کہ وہ ان سے فورا رابطہ کرے گا۔

ایمان بن لادن پانچ ماہ تک سفارتخانے میں رہیں اور بالآخر وہ اپنے بھائی عمر اور بھابی زیئنہ کی کوششوں کے نتیجے میں نکل سکیں۔ ان کی ماں نجوہ نے جو اسامہ کی پہلی بیوی تھیں اور جو گیارہ ستمبر کے حملوں سے دو دن پہلے افغانستان سے چلی گئی تھیں انھیں نو سال کے عرصے کے بعد دیکھا۔رپورٹ کے مطابق القاعدہ کی مرکزی شوری نے گیارہ ستمبر یا 'طیارہ منصوبی' کو منظور کرنے سے انکار کر دیا تھا اور شوری کے کئی ارکان نے اس کے خلاف آواز اٹھائی تھی لیکن اس کی حمایت اور منصوبہ بندی ایک ایسا شخص کر رہا تھا، جو القاعدہ کا رکن تک نہیں تھا، لیکن جس نے ایسے کئی اور منصوبے بنائے۔

بعد میں اسی شخص نے القاعدہ کے مفرور رہنماں اور کارکنوں کو کراچی میں کئی فلیٹوں میں بھی رکھا۔ اسامہ بن لادن بھی کچھ دن کراچی میں رہے اور ایک چھاپے میں گرفتاری سے بال بال بچے تھے۔ آئی ایس آئی کے سابق ڈی جی اور دفاع پاکستان کونسل کے رہنما جنرل حمید گل نے سنہ 2005میں اسامہ کو مولانا فضل الرحمان خلیل کے ذریعے ایک پیغام بھجوایا تھا۔ اسامہ اس ملاقات کے لیے ایبٹ آباد سے قبائلی علاقے آئے تھے ۔

جنرل حمید گل کا ہمیشہ یہ کہنا رہا کہ 'اسامہ تورا بورا کی بمباری میں ہلاک ہو گئے تھے اور امریکی ایک ڈرامہ کرتے رہے ہیں ۔ اسامہ بن لادن کے کئی بیٹے سپیشل بچے تھے، یعنی وہ 'اوٹِسٹِک' تھے۔ ان میں سعد بن لادن بھی شامل تھے۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا نام تفتیش کاروں کو خالد شیخ محمد نے تفتیش میں بہت جلدی دے دیا تھا۔ اسامہ بن لادن کی بیویوں کو ان کی بیوی خیریہ پر شک تھا کہ ان کے ایبٹ آباد آنے سے حکام کو اسامہ کا اتا پتا معلوم ہو سکا۔

خیریہ کی اکلوتی اولاد حمزہ بن لادن اب اسامہ کے جہادی وارث سمجھے جا رہے ہیں، اور شاید ان کے واحد بیٹے ہیں جو اس راہ پرگامزن ہیں ۔ امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے اور وفاقی ادارے ایف بی آئی میں تفتیش کے طریق کار پر اختلافات رہے۔ سی آئی اے نے تشدد کو ترجیح دی، خاص طور پر واٹر بورڈنگ کو۔؂ امریکہ کا ایک غیرقانونی حراستی مرکز(رینڈشن سینٹر) تھائی لینڈ میں تھا جہاں ابوزبیدہ کو بھی رکھا گیا۔

ابو مصعب الزرقاوی کے بارے میں القاعدہ کی مرکزی شوریٰ کے ارکان اچھی رائے نہیں رکھتے تھے۔ انھوں نے اسے ان پڑھ اور جذباتی سمجھا تھا لیکن افغانستان پر حملے کے بعد جب اعلی قیادت ہلاک یا محدود ہوگئی تو خالد شیخ محمد اور الزرقاوی نے القاعدہ کے نام پر بڑے حملے کروائے جن میں عام شہریوں کی کافی ہلاکتیں ہوئیں۔ ابراہیم عرف ابو احمد الکویتی نے تنظیم کے پیسوں سے ایبٹ آباد میں نو پلاٹ خرید کر ان پر مکان بنوایا۔

ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کو بسانے اور ان کی دیکھ بھال کرنے والے شخص کا کوہاٹ سے تعلق تھا اور اس کام پر اسے خالد شیخ محمد نے لگایا تھا۔ ان دونوں کے والدین کی کویت میں ملازمت تھی اور وہیں سے ان کی واقفیت ہوئی تھی۔ ابراہیم عرف ابو احمد الکویتی نے تنظیم کے پیسوں سے ایبٹ آباد میں نو پلاٹ خرید کر ان پر گھر بنوایا۔ کنٹونمنٹ بورڈ نے اس کی کوئی چیکنگ نہیں کی اور نہ ہی کسی نے اعتراض کیا جب مقررہ اونچائی سے زیادہ کی دیوار کھڑی کی گئی۔

الکویتی اور اس کا بھائی اسامہ بن لادن اور ان کے خاندان کو سنبھالنے کی ذمہ داری سے اتنا تھک چکا تھا کہ اس نے اسامہ کو اپنا استعفیٰ دے دیا تھا اور دونوں میں سمجھوتہ ہو گیا تھا کہ اسامہ گیارہ ستمبر کے حملوں کی دسویں برسی کے بعد اس گھر سے چلے جائیں گے۔ اس سمجھوتے کو تحریری شکل دے دی گئی تھی۔ اگر اسامہ یہ مہلت حاصل نہ کرتے تو شاید وہ مئی میں ایبٹ آباد سے نکل چکے ہوتے۔

ان انکشافات کے علاوہ کتاب میں اور بہت سی تفصیلات شامل ہیں جن سے تاریخ کے اس دور اور دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ کی اس لڑائی کے بارے میں بہت کچھ معلوم ہوتا ہے اور یہ اس بیانیے سے ہٹ کر ہے جس کا دعوی القاعدہ یا امریکہ کرتے ہیں۔اس کتاب کی خاص بات یہ ہے کہ یہ القاعدہ کے اندر کی کہانی ہے، سیاسی بھی اور خاندانی بھی۔ مصنفین نے خاص طور پر ابو حفس الموریطانی (ابن الولید محفوظ) سے جو معلومات حاصل کی ہیں اس سے تاریخ کے اس دور کا بہت کچھ پتہ چلتا ہے۔