نواز شریف مستعفی ہوئے بغیر جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے تو ملک بھر کے وکلاء بھرپور احتجاج کرینگے ‘ ہائیکورٹ بار کی دھمکی

بار ایسوسی ایشنز میں احتجاجی اجلاس ہو نگے ‘وزیر اعظم کیخلاف تحریک کا آغاز کر دیا جائیگا نائب صدر راشد جاوید لودھی و دیگر کی پریس کانفرنس

بدھ 14 جون 2017 21:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جون2017ء) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے دھمکی دی ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف مستعفی ہوئے بغیر جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہوئے تو ملک بھر کے وکلاء بھرپور احتجاج کریں گے ، بار ایسوسی ایشنز میں احتجاجی اجلاس ہوں گے اور وزیر اعظم کے خلاف تحریک کا آغاز کر دیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر راشد جاوید لودھی، سیکرٹری عامر سعید راں اور فنانس سیکرٹری محمد ظہیر بٹ نے پانامہ لیکس کیس او جے آئی ٹی کو درپیش مشکلات کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا شروع سے یہ وطیرہ رہا ہے کہ جب بھی انہیں کسی بھی انصاف فراہم کرنے والے فورم میں پیش ہونا پڑا تو انہوں نے سب سے پہلے تو اس ادارہ کو بدنام کرنے کی مہم چلائی اور پھر حملہ آور ہوئے جیسا کہ مسلم لیگ (نواز) نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا اور حال ہی میں جب ملک بھر کے منتخب نمائندہ گان وکلاء نے بیک زبان یہ مطالبہ کیا کہ جے آئی ٹی کی تفتیش کے دوران وزیرِ اعظم مستعفی ہو جائیں تاکہ تفتیشی مراحل شفاف، غیر جانبدارانہ اور دبائو کے بغیر مکمل ہو سکیں۔

(جاری ہے)

ہمارے اس مطالبہ کے خلاف (ن) لیگ کے حکومتی وکلاء نے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن پر حملہ کیاجو کہ پاکستان بلکہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی 150 سالہ تاریخ میں کبھی نہ ہوا حتٰی کہ ملٹری ڈکٹیٹرز کے دور میں بھی کسی کو بار پر حملہ کرنے کی جرآت نہ ہوئی۔انہوں نے کہا کہ 15 مئی2017 ء کووزیر اعظم نواز شریف مستعفی ہوئے بغیر جے آئی ٹی میں پیش ہوئے تو ملک بھر کے وکلاء بھرپور احتجاج کریں گے۔ بار ایسوسی ایشنز میں احتجاجی اجلاس ہوں گے اور وزیرِاعظم کے خلاف تحریک کا آغاز کر دیا جائے گا۔