قومی اداروں پر ذاتی مفاد کو فوقیت دینے والے ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے، مسئول جماعة الدعوة کراچی مزمل اقبال

حکمران ذاتی کارخانوں کیلیے فکر مند ہو رہے ہیں،تجارتی تعلقات کی خاطر انڈیا کی دہشت گردی پر خاموشی اختیار کی گئی، افطار ڈنر سے

بدھ 14 جون 2017 20:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جون2017ء) جماعة الدعوة کراچی کے مسئول مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ قومی اداروں پر ذاتی مفاد کو فوقیت دینے والے ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے۔ حکمران ذاتی کارخانوں کے لیے فکر مند ہو رہے ہیں۔ تجارتی تعلقات کی خاطر انڈیا کی دہشت گردی پر خاموشی اختیار کی گئی۔ کشمیری پاکستان کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں، ان کی جدوجہد کو نظر انداز نہ کیا جائے۔

یوم بدر کے دن اللہ نے کمزور مسلمانوں کے ہاتھوں متکبروں کو انجام سے دوچار کیا۔ مزدور طبقہ آخری نہیں معاشرے کا پہلا طبقہ ہے، ان کی ضرورتیں پوری کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسٹیل ٹائون میں فلاح انسانیت فائونڈیشن لیبر ڈویژن اور انصاف لیبر یونین اسٹیل مل کے اشتراک سے منعقدہ افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

جس میں اسٹیل مل کے مزدوروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

افطار ڈنر سے انصاف لیبر یونین پاکستان اسٹیل مل کے صدر یسین جامڑو، فلاح انسانیت فائونڈیشن لیبر ڈویژن کراچی کے مسئول محمد افتخار اور عثمان عسکری نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر 200 مستحق مزدورں کو 6 لاکھ روپے مالیت کا راشن بھی فراہم کیا گیا۔ جماعة الدعوة کراچی کے مسئول مزمل اقبال ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مزدور دنیا کا عظیم طبقہ ہے۔

رسول اللہﷺ پر ایمان لانے میں پہل کرنے والے بھی غریب لوگ تھے۔ مزدوروں کو معاشرے کا آخری نہیں پہلا طبقہ قرار دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ماہ رمضان میں مسلمانوں کو بڑی فتوحات سے نوازا ہے۔ یوم بدر کے دن کمزور مسلمانوں کے ہاتھوں مکہ کے متکبر مشرکین انجام سے دوچار ہوئے۔ مزدور اور غرباء کا عزم و حوصلہ مضبوط ہو تو دنیا کی کوئی طاقت انہیں شکست نہیں دے سکتی۔

مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ اسٹیل مل کو تباہ کرنے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔ قومی ادارے اولین ترجیح کے حامل ہیں۔ مزدوروں کو اذیت دینے والے بڑے مجرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلاح انسانیت فائونڈیشن ملک گیر سطح پر امدادی سرگرمیاں سرانجام دے رہی ہے۔ محنت کش طبقے کو کسی صورت بے یارومددگار نہیں چھوڑیں گے۔ اسٹیل مل کے 200 مستحق مزدوروں کو 6 لاکھ روپے مالیت کا راشن فراہم کردیا ہے۔

محنت کشوں کی ترجیحی بنیادوں پر مزید مدد کریں گے۔ انصاف لیبر یونین کے صدر یسین جامڑو نے کہا کہ پاکستان اسٹیل مل کو چلانے کے لیے مشترکہ کردار ادا کریں گے۔ اسٹیل مل حکمرانوں کی ترجیحات میں تبدیلی اور ہماری کوتاہیوں سئے تباہ ہوا۔ سازشی عناصر منصوبے کے تحت اسٹیل مل کو تباہی کے دہانے پر پہنچا رہے ہیں۔ مزدوروں کو پوری اجرت دلانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کریں گے۔