ڈسٹرکٹ پریس کلب ایبٹ آباد کے سرپرست اعلیٰ نعیم اعوان کے بڑے بھائی ٹریفک حادثہ میں جاں بحق

بدھ 14 جون 2017 19:43

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2017ء) ڈسٹرکٹ پریس کلب ایبٹ آباد کے سرپرست اعلیٰ نعیم اعوان کے بڑے بھائی اور صحافی عالمزیب اعوان کے ماموں ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہو گئے۔ مرحوم ناہید اعوان گذشتہ روز راولپنڈی میں سڑک پار کرتے ہوئے تیز رفتار موٹر سائیکل کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گئے تھے، انہیں ہسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

(جاری ہے)

مرحوم کی نماز جنازہ بدھ کو دن 11 بجے گائوں دیسال میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں سینکڑوں اشکبار آنکھوں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر زبیر ایوب، ڈسٹرکٹ پریس کلب کے صدر راجہ اشفاق کیانی، خرم شہزاد جدون، رمیض رومی، عتیق کیانی اور مدنی اعجاز جدون نے نماز جنازہ میں شرکت کی اور نعیم اعوان اور عالمزیب اعوان سے تعزیت کی۔ مرحوم ناہید اعوان نے پسماندگان میں بیوہ اور دو بیٹے سوگوار چھوڑے ہیں۔