جمشید دستی کی گرفتاری حکومت کا ظالمانہ اور غیر منصفانہ اقدام ہے ،اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے،امیر جماعت اسلامی پنجاب

بدھ 14 جون 2017 19:41

جمشید دستی کی گرفتاری حکومت کا ظالمانہ اور غیر منصفانہ اقدام ہے ،اس ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جون2017ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہا ہے کہ جمشید دستی کی گرفتاری حکومت کا ظالمانہ اور غیر منصفانہ اقدام ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہ نہری پانی توڑنے کے الزام میں گرفتاری ایک غیر منصفانہ اقدام ہے پنجاب میں کتنے جاگیر دار، وڈیرے ہیں جو آئے روز نہری پانی توڑ کراپنی زمینوں کو سیراب کرتے ہیں اور غریب کسان پانی سے محروم رہتے ہیں اور اٴْن کی زمینیں خشک پڑی رہتی ہیں مگر ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی جاتی کیونکہ وہ طاقتور اور بااثر ہیں اور وارہ بندی بھی اپنی مرضی سے بنواتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جمشید دستی نے تو کوئی جرم نہیں کیا انہوں نے اپنی زمینوں کو سیراب کرنے کیلئے نہیں پانی توڑا بلکہ غریب مظلوم کاشتکاروں کیلئے یہ قدم اٴْٹھایا اس کا جرم یہ ہے کہ وہ غریبوں کی آواز بن کر ظالم جاگیر داروں، وڈیروں کو للکارتا ہے۔

(جاری ہے)

میاں مقصود احمد نے مزید کہا کہ حکمران اپنی کرپشن، لوٹ مار سامنے آنے سے پریشان اور بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور اور وہ اپنے مخالفین کے خلاف انتقامی کاروائیوں پر اٴْتر آئے ہیں حکمرانوں کو یاد رکھنا چاہئے ان کا یوم حساب قریب ہے۔

قانون سب کیلئے برابر ہونا چاہئے چاہے وہ غریب ہویا جاگیر دار، وڈیرہ ہو۔انہوں نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر کے باوجود جمشید دستی کو رہا نہ کرنا سپیکر کی کرسی کی تو ہین ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ جمشید دستی کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور تمام مقدمات واپس لئے جائیں۔