آر پی او نے سی پیک ریلوے پراجیکٹ پر کام کرنیوالے چینی انجینئرز کی حفاظت کیلئے کوئیک ریسپانس فورس کی فوری تعیناتی کے احکامات جاری کردیئے

چینی انجینئرز کی حفاظت کیلئے مرتب کی گئی ایس او پی پر عملدر آمد کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے ، کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی،متعلقہ افسران کو ہدایت

بدھ 14 جون 2017 19:06

گوجر خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2017ء) سی پیک ریلوے پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی انجینئرز کی حفاظت کے لئے کوئیک ریسپانس فورس کی فوری تعیناتی کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔ احکامات آر پی او ریجن نے سائٹ کا دورہ کرنے کے بعد جاری کئے ۔چینی انجینئرز گوجر خان اور جہلم کے درمیان سی پیک ریلوے ٹریک پراجیکٹ پر کام کر رہے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر وصال فخر سلطان راجہ نے گوجر خان اور جہلم کے درمیان ریلوے ٹریک پر کام کرنے والے سولہ چینی انجینئرز کی حفاظت کے لئے فوری طور پر کوئیک ریسپانس فورس تعینات کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں کوئیک ریسپانس فورس کے جوان ان چینی انجینئرز کی رہائشگاہوں پر بھی سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے این این آئی کو بتایا کہ ان انجینئرز میں ایک خاتون بھی شامل ہے ریجنل پولیس آفیسر نے گزشتہ روز ٹریک کا خصوصی دورہ کیا جس کے بعد یہ احکامات جاری کئے گئے ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ آر پی او نے متعلقہ افسران کو سختی سے حکم دیا کہ چینی انجینئرز کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے مرتب کی گئی ایس او پی پر عمل در آمد کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اس سے قبل پنجاب پولیس کی سپیشل پروٹیکشن یونٹ چینی باشندوں کی حفاظت پر مامور تھی لیکن خفیہ اداروں نے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس کو دی گئی اپنی رپورٹ میں ان انتظامات کو غیر تسلی بخش قرار دیا تھا آر پی او نے چینی انجینئرز کی رہائش گاہ پر بھی ایلیٹ فورس کی تعیناتی کا حکم جاری کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :