ڈی آئی جی سی آئی اے کی عید خریداری کے حوالے سے شاپنگ سینٹرز کی خصوصی سکیورٹی کے انتظامات کرنے کی ہدایت

بدھ 14 جون 2017 18:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2017ء) ڈی آئی جی سی آئی اے ڈاکٹر جمیل احمد نے عید کی خریداری کے حوالے سے شاپنگ سینٹرز میں بے پناہ رش کے پیشِ نظر سیکورٹی پلان پر عملدرآمد جبکہ شاہراہوں پر اسٹریٹ کرائم کا نوٹس لیتے ہوئے سی آئی اے کے تینوں یونٹس ایس آئی یو ، اے وی سی سی اور اے سی ایل سی کو ہنگامی بنیادوں پر شہر بھر میں اینٹی کرمنلز ایکشن پلان کے خفیہ نیٹ ورک کا جال بچھا کر اسٹریٹ کرمنلز کا قلع قمع کرنے کا سختی سے حکم دیا ہے۔

اور کہا ہے کہ علاقہ پولیس کی مدد کرتے ہوئے شاپنگ سینٹرز ، مارکیٹوں ، معروف شاہراہوں پر سیکورٹی کو مزید موثر بنایا جائے۔ تا کہ عید کی خریداری کے لیے آنے والے صارفین و فیملیز پُر سکون ماحول میں اپنی مطلوبہ اشیاء کی خریداری کر سکیں ۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی سی آئی اے ڈاکٹر جمیل احمد نے سی آئی اے کے تینوں یونٹس کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں چاند رات تک شاپنگ ایریا سیکورٹی پلان پر تکنیکی بنیادوں پر عمل کیا جائے اور عید کے ایام و نمازِ عید کے دوران بھی خفیہ سیکورٹی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

ڈی آئی جی سی آئی اے ڈاکٹر جمیل احمد نے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (SIU)کو اسٹریٹ کرائم ، بھتہ خوری اور بینک ڈکیتی میں ملوث مفرور و اشتہاری اور مطلوبہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مہم کو مزید تیز کرنے کے بھی احکامات دیئے۔ جبکہ اینٹی کارلفٹنگ سیل (ACLC)کے افسران کو گاڑیوں کی چوری و چھیننے کے واقعات کی روک تھام اور مطلوبہ گینگ کی گرفتاری کو یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔ ڈی آئی جی سی آئی اے ڈاکٹر جمیل احمد نے اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (AVCC)کے افسران کو اغواء برائے تاوان اور دیگر مقدمات میں پولیس کو مطلوب مفرور و اشتہاری ملزمان کی گرفتاری اور کی جانے والی کاروائیوں و کارکردگی کی رپورٹ پیش کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :