سابق پی سی او جج سجاد حسین شاہ کو پنشن کی عدم ادائیگی کیخلاف دائر درخواست پر صدر مملکت کے پرنسپل سیکرٹری سے جواب طلب

لاہور ہائیکورٹ نے ایوان صدر کے ذمہ دار افسر کوبھی وضاحت کے لئے طلب کر لیا ، کیس کی مزید سماعت 20جون تک ملتوی

بدھ 14 جون 2017 18:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے سابق پی سی او جج سجاد حسین شاہ کو پنشن کی عدم ادائیگی کے خلاف دائر درخواست پر صدر مملکت کے پرنسپل سیکرٹری سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 20جون تک ملتوی کر دی ۔گزشتہ روز چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار سجاد حسین شاہ نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نے سابق پی سی او ججز کو برطرف کیا جبکہ ان کی مراعات کے علاوہ پنشن پربھی قدغن لگا دی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے صوابدیدی اختیار کے تحت پانچ سے زائد سابق پی سی او ججز کو پنشن دیدی ہے جبکہ درخواست گزار سمیت دیگر پی سی او ججز سے امتیازی سلوک برتا جا رہا ہے۔ آئین کے تحت کسی شہری سے امتیازی سلوک نہیں کیا جا سکتا لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ پنشن ادا کرنے کا حکم دیا جائے ۔جس پر فاضل عدالت نے صدر مملکت کے پرنسپل سیکرٹری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا اور ایوان صدر کے ذمہ دار افسر کوبھی وضاحت کے لئے طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 20جون تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :