برطانیہ ،لندن کی24منزلہ عمارت میں آتشزدگی سے 6 افراد ہلاک،50زخمی ،ہلاکتوںمیں اضافے کا خدشہ

عمارت میں آگ رات لگ بھگ ایک بجے کے قریب اس وقت لگی تھی جب بیشتر رہائشی سو رہے تھے،خود کو شعلوں سے بچانے کے لیے کئی افراد کے عمارت کی کھڑکیوں سے چھلانگ لگانے کے واقعات بھی پیش آئے ہیں،حکام ْ

بدھ 14 جون 2017 17:55

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جون2017ء) برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے مغربی علاقے شمالی کینسنگٹن میں 24 منزلہ رہائشی عمارت میں آتشزدگی کے واقعے میں 6 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی جبکہ 50سے زائدافراد زخمی ہیں حکام نے ہلاکتوںمیں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے ،میئر صادق خان کا کہنا ہے کہ ابھی تک بڑی تعداد میں لوگ لاپتہ ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق لندن فائر بریگیڈ کا کہنا ہے کہ مغربی لندن کے شمالی کنسنگٹن نامی علاقے میں واقع گرین فیل ٹاور میں آگ منگل اور بدھ کی درمیانی شب لگی جس نے جلد ہی عمارت کی تمام منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔حکام کے مطابق عمارت میں آگ رات لگ بھگ ایک بجے کے قریب اس وقت لگی تھی جب بیشتر رہائشی سو رہے تھے۔حکام کے مطابق آگ لگنے سے کئی افراد عمارت میں پھنس گئے تھے جنہیں امدادی اہلکاروں نے وہاں سے نکالا۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین کے مطابق خود کو شعلوں سے بچانے کے لیے کئی افراد کے عمارت کی کھڑکیوں سے چھلانگ لگانے کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔لندن پولیس کے مطابق رہائشی عمارت سے اب تک چھ افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔حکام کے مطابق آگ بجھانے والے عملے کے اہلکار اب تک عمارت کے چار بالائی منزلوں میں داخل نہیں ہوسکے ہیں۔

لندن کی شہری حکومت کے مطابق عمارت کی چار بالائی منزلوں پر 130 فلیٹس ہیں جہاں سیکڑوں افراد رہائش پذیر تھے۔ تاحال یہ واضح نہیں کہ ان بالائی منزلوں سے کتنے افراد بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہوئے۔لندن ایمبولینس سروس کے مطابق انہوں نے آگ سے متاثر ہونے والے 50 افراد کو پانچ مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا ہے۔آگ بجھانے کی کارروائی میں لندن فائر بریگیڈ کی 40 گاڑیوں اور عملے کے 200 سے زیادہ ارکان نیحصہ لیا جنہوں نے 10 گھنٹے کے بعد آگ پر قابو پایا۔

لندن فائر بریگیڈ کے کمشنر ڈینی کاٹن نے جائے واقعہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے 29 سالہ کیریئر میں ایسی خوف ناک آگ نہیں دیکھی۔حکام کے مطابق عمارت 43 سال پرانی ہے جس کی حال ہی میں تزئین و آرائش کی گئی تھی۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ کے باعث عمارت کے منہدم ہونے کا خدشہ نہیں ہے

متعلقہ عنوان :