ْپیمرا نے بیہودہ گانا نشر کرنے پر نجی ٹی وی چینل ’سٹارلائٹ‘ سے چار یوم میں جواب طلب کرلیا

بدھ 14 جون 2017 17:55

ْپیمرا نے بیہودہ گانا نشر کرنے پر نجی ٹی وی چینل ’سٹارلائٹ‘ سے چار ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جون2017ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)نے نجی ٹی وی چینل’سٹارلائٹ ‘پر بیہودہ گانا نشر ہونے پر چینل کو اظہار ِ وجوہ نوٹس جاری کرتے ہوئے چار یوم میں جواب طلب کر لیاہے ۔ مذکورہ ٹی وی چینل پر مورخہ 13جون 2017؁ء کو صبح تقریباً9بجکر 22منٹ پر ایک بیہودہ گانا نشر ہوا۔

(جاری ہے)

مذکورہ گانا نشر کرکے ٹی وی چینل نے نہ صرف الیکٹرانک میڈیا ضابطہ اخلاق 2015؁ء و دیگر پیمرا قوانین کی صریحاً خلاف ورزی کی ہے بلکہ ماہِ رمضان کے تقدس اوراحترام کو بھی ملحوظِ خاطر نہیں رکھا ۔

ریگولیٹر نے سٹار لائٹ کی لینڈنگ رائٹ ہولڈر کمپنی ’سٹار لائٹ گلوبل کارپوریشن‘کو مذکورہ بیہودہ گانے کی نشریات فوری طور پر روکنے کا حکم دیتے ہوئے چینل سے چاریوم یعنی 18جون 2017؁ ء تک اظہار وجوہ نوٹس کا جواب طلب کر لیا ہے۔ علاوہ ازیں چینل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو بھی 18جون 2017؁ء کو دوپہر 12بجے تک اپنا موقف پیش کرنے کے لئے طلب کیا گیا ہے۔ چینل کی جانب سے جواب جمع نہ کروانے یا مقررہ تاریخ کو ذاتی شنوائی کے لئے پیش نہ ہونے کی صورت میں یکطرفہ کاروائی کی جائیگی ۔

متعلقہ عنوان :