میونسپل کمیٹی کابوڑھےغریب کی زمین پرقبضہ،عدالتی فیصلےکےباوجودزمین نہ ملی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 14 جون 2017 17:26

نارووال(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔آئی پی اے۔14جون2017ء): نارووال کا نواحی قصبہ قلعہ احمد آباد کے 82سالہ بوڑھے غریب کی زمین پرمبینہ طور میونسپل کمیٹی نے زبردستی قبضہ کرلیا ، 35سال گھر کا سامان فروخت کر کے عدالتوں میں انصاف کے لئے کیس لڑتا رہا ، عدالتی فیصلے کے دو سال گزرنے کے باوجودبزرگ زمین حاصل نہ کر سکا بوڑھا شخص زمین واگزار کے لئے دربدر ہو گیابزرگ کی میڈیا کو دھائیاں۔

تفصیلات کے مطابق نارووال کے نواحی قصبہ قلعہ احمد آباد کے رہائشی محمد لطیف نے بتایا کہ1981کو اس کی ملکیت 6مرلے زمین پر زبردستی میونسپل کمیٹی نے قبضہ کرلیا ہے اور وہاں پر پانی والی ٹینکی بنا دی گئی ہے محمد لطیف نے بتایا کہ وہ تقریبا35سال عدالتوں کے چکر لگاتا رہا آخر کار عدالتوں سے2015میں انصاف ملا مگر میونسپل کمیٹی نارووال نے تاحال زمین واپس نہیں کی محمد لطیف کا کہنا ہے کہ وہ اپنی جگہ کیلئے 35سال گھر کا سامان بیچ کر کیس پر پیسے لگاتا رہا ہے اس دوران اس کا جوان سالہ بیٹا بھی غریت اور علاج کی وجہ سے وفات پا گیا لیکن اس کی جگہ تاحال اس کو واپس نہ ملی سکی۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں میڈیا نے علاقہ کا سروے کیا جہاں پر بزرگ محمد لطیف رہائش پذیر ہے تواس کے مکان کی چھت بھی نہ تھی اور پورا گھر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکا تھا جبکہ اس کے قریبی ہمسائیوں نے بتایا کہ اس جگہ کا مالک محمد لطیف ہی ہے محمد لطیف نے وزیر اعلی پنجاب،ڈسٹرکٹ چیئرمین احمد اقبال اور دیگر اعلیٰ حکام سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ اس کی زمین واپس دلائی جائے کیونکہ اب اس کے پاس اتنے بھی پیسے نہیں ہیں کہ وہ کرایہ خرچ کر کے نارووال آکر سرکاری دفاتر کے چکر لگا سکے اور نہ ہی اس کی عمر اجازت دیتی ہے کہ وہ بھاگ دوڑ کر سکے۔