وزیر کھیل و اُمور نوجوانان جہانگیر خانزادہ کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ پنجاب سپیشل سپورٹس کمیٹی کا اجلاس

پنجاب میں فٹ بال کے فروغ کے لیے برطانیہ کی لیگیسی فٹ بال آرگنائزیشن کی تجاویز ،مستقبل قریب میں آرگنائزیشن کے زیر اہتمام لاہور میں فٹبال ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے پلے گرائونڈز کی موزونیت کا جائزہ لیا گیا

بدھ 14 جون 2017 15:42

وزیر کھیل و اُمور نوجوانان جہانگیر خانزادہ کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2017ء) صوبائی وزیر برائے کھیل و اُمور نوجوانان جہانگیر خانزادہ کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ پنجاب سپیشل سپورٹس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کمشنر لاہور عبداللہ سنبل، سیکرٹری سپورٹس نیّر اقبال، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس ذوالفقار گھمن ، ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے زاہد اختر زمان ،ہیڈ آف سپیشل مانیٹرنگ یونٹ وزیر اعلیٰ ہائوس فاطمہ زیدی، قومی فٹ بال کرکٹ ٹیم کے کپتان محمداحمد اور چیف ایگزیکٹو آفیسر اسحاق شاہ نے شرکت کی۔

اجلاس کا مقصد پنجاب میں فٹ بال کے فروغ کے لیے برطانیہ کی لیگیسی فٹ بال آرگنائزیشن کی تجاویز اور مستقبل قریب میں آرگنائزیشن کے زیر اہتمام لاہور میں فٹبال ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے پلے گرائونڈز کی موزونیت کا جائزہ لینا تھا۔

(جاری ہے)

یو کے لیگیسی فٹ بال آرگنائزیشن کے نمائندہ نے اجلاس کو آرگنا ئزیشن کے مقاصد اور کامیابیوں سے آگاہ کیا اور پنجاب میں فٹبال کی ترقی و ترویج کے لیے موجود وسائل اور قابل عمل تجاویز پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پرصوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فٹبال پاکستان بالخصوص پنجاب میں بکثرت کھیلی جانے والی آئوٹ ڈور گیمز میں سے ایک ہے جو موزوں توجہ نہ ملنے کی وجہ سے وہ مقام -حاصل نہیں کر پایا جہاں اس کو ہونا چاہیے تھا یہی وجہ ہے کہ حکومت پنجاب دیگر قومی و علاقائی کھیلوں کے ساتھ ساتھ فٹبال کے فروغ پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

اس مقصد کے لیے مقامی وبین الاقوامی فیڈریشنز اورکوچز کے ساتھ ملکر باقاعدہ منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ فٹبال کے کھیلاڑیوں میں اپنے کھیل سے متعلق بڑھتی ہوئی مایوسی کو ختم کر کے انھیں آگے بڑھنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ جہانگیر خانزادہ نے کمیٹی ممبران کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں فٹ بال کے بہترین کھیلاڑیوں کی تلاش بھی شامل ہے جو فٹبال کے کھیلاڑیوں کو بہترین پلیٹ فارم مہیا کرے گی۔

سیکرٹری سپورٹس نیر اقبال نے اجلاس کو بتایا کہ پنجاب سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرڈیپارٹمنٹ پبلک سکولوں اور کالجوں میں فٹ بال کے فروغ کے لیے جدید سہولیات سے مزین پلے گرائونڈز کی تعمیر پر خصوصی توجہ دے رہا ہے تاکہ سکول اور کالج کی سطح سے کھیل میں مہارت رکھنے والے طالبعلموں کی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔ کمیٹی میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب سپورٹس بورڈ لیگیسی فٹبال آگنائزیشن کی تجاویز کی پڑتال کے بعد آرگنائزیشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔