علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر بہار 2017ء کے 7 لاکھ طلبہ کو کتب کی ترسیل کا کام آخری مراحل میں

بدھ 14 جون 2017 15:06

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر بہار 2017ء کے 7 لاکھ طلبہ کو کتب کی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2017ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر بہار 2017ء میں داخلہ لینے والے 7 لاکھ طلبہ کو کتب کی ترسیل کا کام آخری مراحل میں ہے۔ اب تک میٹرک، ایف اے، بی اے اور بی ایڈ پروگرام کے مجموعی طور پر 3,92,697 طلبہ کو کتب ارسال کی جا چکی ہیں جن میں میٹرک پروگرام کے 90891 طلبہ کو ایف اے پروگرام کے 1,15,000 طلبہ کو بی اے پروگرام کے 1,74,487اور بی ایڈ کے تقریباً 13000طلبہ کو کتب اور درسی مواد ارسال کی جاچکی ہیں۔

پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کے طلبہ کو درسی کتب کی ترسیل کا کام تیزی سے جاری ہے اور امید ہے کہ پوسٹ گریجویٹ طلبہ کو ترسیل کتب کا عمل رواں ماہ کے آخر تک مکمل کرلیا جائے گا۔ سمسٹر بہار 2017ء میں ریکارڈ داخلے ہوئے ہیں اور ترسیل کتب کا کام بروقت مکمل کرنا ایک بڑا چیلنج تھا لیکن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ،ْ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کتابوں کی ترسیل کے مراحل کو جلد از جلد مکمل کرنے کی واضح ہدایات دی تھیں اور ایک ٹائم فریم دیا تھا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر کی خصوصی ہدایت پر کتابوں کی ترسیل کا عمل تیز کردیا گیا تھا اور میلنگ سیکشن کے کارکن 2۔شفٹوں میں صبح 8بجے سے شام 7بجے تک اس کام میں مصروف رہتے ہیں ۔کتابوں کی ترسیل کے مراحل کی معلومات کے لئے "کمپیوٹرائزڈ ٹریکنگ نظام" بھی شروع کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں یونیورسٹی نے ایک نئی ویب سائٹ mailing.aiou.edu.pk بھی متعارف کرادی ہے۔داخلوں کے امیدوار اس نئی ویب سائٹ کے ذریعہ آسانی سے میل بکس میں اپنا رول نمبر یا داخلہ فیس کا چالان نمبر درج کرکے یونیورسٹی کی جانب سے انہیں ارسال کی جانے والی درسی کتابوں کے ترسیلی مراحل کے بارے میں تفصیلات معلوم کرسکتے ہیں۔

درسی کتابوں کی ترسیل میںتاخیر کی صورت میں طلبہ کو نزدیک ترین ڈاکخانے سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کتابوں کی ترسیل میں تاخیر کی صورت میں طلبہ یونیورسٹی کی ہیلف لائن کے فون نمبر 051-111-112-468 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ اس سلسلے میں طلبہ ای میل ایڈریس [email protected]پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :