دہشتگردی کیخلاف پاکستانی کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں

چین ہر قسم کی دہشتگردی ، انتہاپسندی اور ٹارگٹ کلنگ کی سخت مخالفت کرتا ہے دوچینیوں کی مبینہ غیر قانونی تبلیغ کی تحقیقات میں تعاون کرینگے ،ترجمان وزارت خارجہ

بدھ 14 جون 2017 13:09

دہشتگردی کیخلاف پاکستانی کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جون2017ء) چین پاکستان میں اغوا کے بعد قتل ہونیوالے اپنے دوچینی شہریوں کے بارے میں اس رپورٹ کی تصدیق و تفتیش میں تعاون جاری رکھے گا کہ وہ مبینہ طورپر غیر قانونی تبلیغی سرگرمیوں میں مصروف تھے ۔یہ بات وزارت خارجہ کی ترجمان لوکانگ نے ایک پریس ریلیز میں ان اطلاعات کے بعد جاری کیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ پاکستان نے دو چینی شہریوں کی موت کی تصدیق کر دی ہے اور یہ کہ وہ پاکستان میں غیر قانونی تبلیغی سرگرمیوں میں مصروف تھے تا ہم چین نے ابھی تک پاکستان کی طرف سے ان دونوں کی موت کے بارے میں سرکاری طورپر تصدیق نہیں کی اور وہ اپنی طرف سے جلد از جلد پوری کوشش کرے گا کہ اس بات کی تصدیق کر سکے ۔

ترجمان لوکانگ نے مزید کہا کہ چین ہر قسم کی دہشتگردی ، انتہاپسندی اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کی سخت مخالفت کرتا ہے او ر وہ دہشتگردی کے خاتمے اور ملکی سلامتی کے تحفظ کیلئے پاکستانی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ چین بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری رکھے گا ۔انہوں نے دویرغمالیوں کو رہا کرانے،چینی شہریوں اور ان کے اداروں کے پاکستان میں بہتر تحفظ کیلئے پاکستانی عزم کی تعریف کی ۔

ترجمان نے کہا کہ چین نے ہمیشہ اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ مقامی قوانین اور ضابطوں کی پابند ی کریں ، مقامی روایات کا احترام کریں ، اور غیر ممالک میں خطرات سے ہمیشہ باخبر رہیں ، چین مبینہ طورپر غیر قانونی تبلیغی سرگرمیوں کے سلسلے میں کی جانیوالی تحقیقات میں پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کر ے گا ، پاکستان کے و زیر داخلہ چوہدری نثار نے گذشتہ روز اپنی وزارت کو ہدایت کی تھی کہ وہ چینی شہریوں کو ویزا جاری کرنے کے عمل کو باقاعدہ بنانے ا ور ایک سسٹم کے تحت لانے کے لئے موجود ہ طریقہ کار پر نظرثانی کریں ۔

متعلقہ عنوان :