نواز شریف نے بچنے کے لیے تین منصوبے بنا لیے ہیں۔ اعتزاز احسن

نواز شریف بند کمرے میں پھنس گئے ہیں۔ انہوں نے پانامہ کیس سے بچنے کے لیے تین پلان بنا لیے ہیں۔نواز شریف قطر اور سعودی عرب کے معاملے میں ممنون حسین ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات میں شاہ سلمان نےکہا پناہ، پیسے اور تیل ہم سے لیتے ہو اوربات ان کی کرتےہو۔ اپوزیشن لیڈر سینیٹ اعتزاز احسن کی میڈیا سے گفتگو

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 14 جون 2017 13:00

نواز شریف نے بچنے کے لیے تین منصوبے بنا لیے ہیں۔ اعتزاز احسن
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 جون 2017ء) : سینیٹ کے اپوزیشن لیڈر اعتزاز احسن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف ایک بند کمرے میں پھنس گئے ہیں، اب انہیں دیوار توڑ کر نکلنا ہو گا۔ ان کے پاس کوئی راستہ نہیں بچا ۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کے پاس کوئی جواز نہیں ہے کہ وہ کس طرح جائز رقم اور ذرائع بنائیں جن کی جائز راستے سے لندن تک ترسیل کروائی جائے اور بتایا جائے کہ اس رقم سے لندن فلیٹس خریدے گئے ۔

انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس سے بچنے کے لیے نواز شریف نے تین پلان بنائے ہیں۔پلان اے یہ ہے کہ دستاویزات میں ردو بدل کر کے اور جے آئی ٹی پر دباﺅ ڈال کریا ممبرز کو خرید کر فیصلہ اپنے حق میں لیا جائے۔ یا پھر سپریم کورٹ بنچ کو متازعہ بنا کرکیس کا فیصلہ کسی طرح کسی حد تک اپنے حق میں لے لیں۔

(جاری ہے)

پلان بی یہ ہے کہ یہ نہ ہوا تو تاخیری حربے استعمال کیے جائیں ۔

جے آئی ٹی اور سپریم کورٹ کے بنچ کو متنازعہ کر دیں تاکہ اگر پانامہ کیس کا فیصلہ ان کے خلاف آئے تو یہ کہہ سکیں کہ ہمیں یہ فیصلہ نا منظور ہے۔پلان سی یہ ہے کہ جسٹس سجادعلی والامعاملہ دہرایاجائے۔ جس کے تحت ن لیگ کے گلو بٹوں کوسپریم کورٹ لےجا کرججوں کو ڈرایا دھمکایا جائے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہوگی کوئی ایک جج یہ کہہ دے کہ میں بنچ میں نہیں بیٹھوں گا۔

مشرق وسطیٰ کی کشیدگی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف سعودی عرب اور قطر کے ممنون حسین ہیں۔ سعودی عرب نےنوازشریف سے پوچھا کہ وہ اپنی پوزیشن واضح کریں کہ وہ کس کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سعودی عرب اور قطر کے کلائینٹ ہیں ہمارا ان پر کیا دباؤ ہوگا؟ نواز شریف نے ہینری کسنجر بننے کی ناکام کوشش کی ہے۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ہمارےساتھ ہویا قطراورایران کے ساتھ ہو۔ شاہ سلمان نےکہا پناہ، پیسے اور تیل ہم سے لیتے ہو اوربات ان کی کرتےہو۔