چئیر مین ایس ای سی پی اسحاق ڈار کے پُرانے دوست ہیں۔ اسد عمر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 14 جون 2017 11:05

چئیر مین ایس ای سی پی اسحاق ڈار کے پُرانے دوست ہیں۔ اسد عمر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 جون 2017ء) : نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے بتایا کہ ایس ای سی پی کے چئیرمین وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے پُرانے دوست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بالکل سچ ہے کہ پانامہ کیس میں انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالی جا رہی ہے لیکن اس میں کوئی تعجب بھی نہیں ہے۔ جے آئی ٹی بننے کے بعد جب میں پہلی مرتبہ ٹی وی پر آیا تو میں نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ نے اپنے اوپر ایک بھاری اور بہت بڑی ذمہ داری لے لی ہے کیونکہ جن اداروں سے تحقیقات کروانی ان اداروں میں نواز شریف کے من پسند لوگ کام کر رہے ہیں۔

سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی تو بنا لی لیکن کیس سے متعلق ریکارڈ تو انہی اداروں سے لینا ہے نہ ۔ اسد عمر نے کہا کہ یہ چوہدری شوگر ملز کا جو خط ہے جو 2011میں ماہین فاطمہ نے لکھا اس سے متعلق میں نے آج سے چھ ماہ قبل دسمبر 2016ء کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں سوال اٹھایا کہ اس کا اسٹیٹس کیا ہے، کیونکہ یہ خط منی لانڈرنگ کی تحقیقاتکے لیے لکھا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

جس پر انہوں نے کہا کہ اس خط کا لندن سے جواب نہیں آیا تھا البتہ چوہدری شوگر مل نے ہمیں اس خط کا جواب دے دیا تھا جس سے ہم مطمئن ہو گئے تھے۔ اسد عمر نے بتایا کہ چئیر مین ایس ای سی پی اسحاق ڈار کی جوانی کے دوست ہیں۔ اور سعید احمد جنہیں نیشنل بنک کا صدر لگایا گیا ہے ، انہوں نے حیرت انگیز طور پر اپنی پوری زندگی میں کبھی کسی بنک میں کام ہی نہیں کیا۔ اس سب کے تحت سپریم کورٹ کے سامنے ایک سوال کھڑا ہو گیا ہے کہ نواز شریف کے وزیر اعظم ہوتے ہوئے کیا سپریم کورٹ آزادانہ تحقیقات کروا سکتی ہے یا نہیں؟ اسد عمر نے مزید کیا کہا آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: