ْآئین و قانون اور عدلیہ پر سب کا اعتماد ہے اور کرپشن کے خلاف پوری قوم متحد ہے، لیاقت بلوچ

منگل 13 جون 2017 23:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2017ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ آئین و قانون اور عدلیہ پر سب کا اعتماد ہے اور کرپشن کے خلاف پوری قوم متحد ہے ۔ وزیراعظم جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے پر اس وجہ سے مجبور ہوئے ہیں کہ انہوں نے کرپشن کے خاتمہ کے لیے اپوزیشن کے ٹی او آرز کو تسلیم کیا نہ چیف جسٹس کو لکھے گئے خط میں کرپشن کے سدباب کے لیے حکومت کی طرف سے کوئی واضح موقف اختیار کیا گیا۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے جماعت اسلامی پنجاب کی طرف سے دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ افطار ڈنر سے امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔افطار ڈنر میں علماء و مشائخ اور سینئر صحافیوں اور کالم نگاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہاکہ عوام کرپشن سے نجات چاہتے ہیں کرپشن نے پوری دنیا میں پاکستان کو بدنام کیاہے ۔

سپریم کورٹ کے فیصلے پر مٹھائیاں بانٹے والوں نے جے آئی ٹی کے خلاف آسمان سر پر اٹھا رکھاہے اور دن رات اسے بدنام کرنے اور متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حکمران چاہتے ہیں کہ جے آئی ٹی ان کی خواہش کے مطابق تحقیقات کرے اور سپریم کورٹ بھی وہ فیصلے دے جو انہیں منظور ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی طرف سے جے آئی ٹی کو دھمکیوں سے ملک میں احتساب کا نظام کمزور اور عدلیہ کی بے توقیر ہو رہی ہے ۔

قوم ملک میں آئین کی حکمرانی اور بالادستی چاہتی ہے جبکہ حکمران چاہتے ہیں کہ انہیں کوئی پوچھنے والا نہ ہو اور وہ مطلق العنان حکمرانی کے مزے کریں ۔ انہوں نے کہاکہ 2018 ء کے انتخابات میں دینی قیادت اور علما و مشائخ کو دیانتدار قیادت سامنے لانے کے لیے انقلابی کردار ادا کرنا ہوگا ۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قوم اپنی اصل قیادت ،علماء و مشائخ کی طرف دیکھ رہی ہے ملک کے حالات میں بہتری صرف اسی صورت آسکتی ہے کہ علماء نظام مصطفیٰؐ کے نفاذ کے یک نکاتی ایجنڈے پر متحد ہو جائیں اور قیام پاکستان اور تحریک نظام مصطفیٰؐ کی طرز پر ایک قومی تحریک اٹھائی جائے ۔

انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اللہ تعالیٰ کے احکامات پر اپنا سب کچھ نچھاور کرنے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عش و محبت میں اپنا سب کچھ لٹانے کا جذبہ دلوں میں زندہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ کم وسائل اور کم تعداد کے باوجود اللہ پر کامل ایمان دنیا کی بڑی سے بڑی قوت کو شکست دے سکتا ہے ۔ ہمیںاللہ تعالیٰ کی رسی قرآن حکیم کو مضبوطی سے پکڑنے کی ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :