پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس(کل)پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا

مشیر خارجہ سرتاج عزیز ریاض میں ہونے والی اسلامی فوجی اتحاد سربراہ کانفرنس،خلیجی ریاستوں خصوصاً سعودی عرب اور قطر کے درمیان حالیہ کشیدگی کے حل کیلئے پاکستانی کردار اورعالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس پر پیش رفت سے کمیٹی کو آگاہ کریں گے

منگل 13 جون 2017 23:42

پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس(کل)پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2017ء) پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس(کل)جمعرات کو ہوگا ،اجلاس میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز ریاض میں ہونے والی اسلامی فوجی اتحاد سربراہ کانفرنس،خلیجی ریاستوں خصوصاً سعودی عرب اور قطر کے درمیان حالیہ کشیدگی کے حل کے لئے پاکستانی کردار اورعالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس پر پیش رفت سے کمیٹی کو آگاہ کریں گے ۔

تفصیلات کے مطابق سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس (کل)جمعرات کو صبح 11بجے پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا ۔ ذرائع کے مطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور سیکرٹری خارجہ تہمینہ درانی سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والی اسلامی فوجی اتحاد سربراہی کانفرنس میں وزیراعظم نوازشریف کی شرکت پر کمیٹی کو بریفنگ دیں گے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کو اسلامی فوجی اتحاد کانفرنس میں سعودی حکام کی جانب سے خطاب کا موقع نہ دینے پر اپوزیشن جماعتوں کے شدید احتجاج پر وزارت خارجہ سے بریفنگ طلب کی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز کمیٹی کو خلیجی ریاستوں خصوصاً سعودی عرب اور قطر کے درمیان حال ہی میں ہونے والی کشیدگی پر بریفنگ دیں گے ۔ ذرائع کے مطابق اٹارنی جنرل عالمی عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس پر پیش رفت سے کمیٹی کو آگاہ کریں گے اور مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ کمیٹی کو ملکی سلامتی کے امور کے حوالے سے کمیٹی کو آگاہ کریں گے ۔ (رڈ)