قانون پسندی اور میرٹ کی بحالی وبال جان بن گئی ،صوبائی وزیر اطلاعات سمیت نواز لیگ کھرمنگ نے ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن کھرمنگ کیخلاف محاذ کھول لیا

منگل 13 جون 2017 22:48

سکردو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2017ء) قانون پسندی اور میرٹ کی بحالی وبال جان بن گئی ،صوبائی وزیر اطلاعات سمیت نواز لیگ کھرمنگ نے ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن کھرمنگ کیخلاف محاذ کھول لیا،وزیر اعلیٰ ،وزیر تعلیم اور سیکریٹری تعلیم پر ڈی ڈی ای کے تبادلے کیلئے دبائو بڑھا دیا،من پسند آفیسر کی تعیناتی کیلئے متحرک ہو گئے، واقفان حال کے مطابق نوزائیدہ اضلاع کھرمنگ اور شگر میں نظام تعلیم اور معیار تعلیم کو سیاست سے پاک کرنے اور میرٹ کی بحالی کیلئے سابق ڈائریکٹر مجید خان نے قابل اعتماد اور باصلاحیت آفیسران کو تعینات کیا تھا تا کہ نئے اضلاع میں میرٹ کی بنیاد کو مستحکم طور پر استوار کیا جا سکے اور اپنے باس کی ہدایات کے تحت ڈپٹی ڈائریکٹر نذیر احمد شگری نے کھرمنگ میں شدید دبائو بھرپور سیاسی مزاحمت و مخالفت کے باوجود نظام قائم کیا جس کی وجہ سے پارٹیاں بدل بدل کر آمرانہ و حاکمانہ ذہنیت رکھنے والے سیاسی گرگوں کے دھندے چوپٹ ہو گئے اور وہ سابقہ دور کی طرح اساتذہ کے من پسند تبادلے اور بھرتیوں میں ناکام ہو گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

واقفان حال کے مطابق میرٹ سے نا آشنا اور سیاسی طاقت سے بھرپور چمچوں کو میرٹ کی بحالی نا گوار گزر رہی ہے کیونکہ موجودہ ڈپٹی ڈائریکٹر ان کے من مانے احکامات پر عمل پیرا ہونے کی بجائے قانون قاعدے کے مطابق کام کر رہا ہے اور یہی میرٹ کی بحالی ان کا گناہ ٹھہرا ہے اور صوبائی وزیر اطلاعات سمیت کھرمنگ کی لیگی کابینہ نے ان کے تبادلے کیلئے وزیر اعلیٰ اور وزارت تعلیم پر دبائو بڑھا دیا ہے ۔