Live Updates

تحریک انصاف نے تجارتی خسارے میں غیر معمولی اضافہ پر گہری تشویش کا اظہار کردیا ، اسد عمر کا معاشی حکمت عملی بدلنے کا مطالبہ

رواں مالی سال کے ابتدائی 11ماہ میں تجارتی خسارہ 30ارب ڈالرز کی ریکارڈ سطح پر جا پہنچا ، اسحاق ڈار کی معاشی دانش و حکمت قوم کے کسی کام نہیں آرہی،تحریک انصاف کے رہنما کابیان

منگل 13 جون 2017 22:12

تحریک انصاف نے تجارتی خسارے میں غیر معمولی اضافہ پر گہری تشویش کا اظہار ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2017ء) رواں مالی سال کے ابتدائی 11ماہ میں تجارتی خسارہ 30ارب ڈالرز کی ریکارڈ سطح پر جا پہنچا ہے۔گزشتہ برس کی نسبت رواں برس کے خسارے میں 9ارب ڈالر کا غیر معمولی اضافہ ہوا۔ڈار صاحب آپ کی معاشی دانش و حکمت قوم کے کسی کام نہیں آرہی۔ یہ بات تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے اپنے ایک بیان میں کہی۔

انہوں نے تجارتی خسارے میں غیر معمولی اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسحاق ڈار سے ناکام معاشی حکمت عملی بدلنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈار صاحب قوم پر ایک احسان اور فرمائیں اور اپنی حکمت عملی پر نظر ثانی کریں۔جناب عالی پاکستان واقعی بیرونی قرضوں کی خطرناک دلدل میں دھنستا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ڈار صاحب کی کارکردگی سے اس دنیا میں اگر کوئی خوش ہے تو وہ عالمی ساہوکار ہیں۔

ڈار صاحب کاروبای لاگت کم کریں اور خسارہ چھپانے کیلئے ریفنڈز کی ادائیگیاں موخر کرنے سے باز آجائیں۔ڈار صاحب قوم پر نوازش فرماتے ہوئے عالمی ساہو کاروں کے قرض کی بجائے پاکستانی صنعتوں پر انحصار کرنا سیکھیں۔ اسد عمر نے مزید کہا کہ قابل توجہ پہلو ہے کہ برآمدات کا تو بیڑہ غرق ہے اور عالمی ساہو کار پاکستانی معیشت کی کارکردگی سے خوش ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات