پنجاب فوڈ اتھارٹی کارمضان المبارک اور عید کے لیے ناقص بوتلیں تیار کرنے والی فیکٹری پر چھاپہ

ایکسپائر مٹیریل، کیمیکل سے تیار کردہ3 لاکھ تیار،4 لاکھ بوتلوں کا خام مال پکڑا گیا‘ رافیعہ حیدر بوتلوں پرفیکٹری کا غلط پتہ درج تھا، بازار سے لیے گئے سیمپل فیل ہونے پریونٹ ڈھونڈ کر چھاپہ مارا گیا رمضان بازاروں میں 2من ناقص اشیاء تلف،متعدد کو جرمانہ ، 56سٹالز کو وارننگ

منگل 13 جون 2017 18:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2017ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیم نے ڈایریکٹر آپریشنز رافیعہ حیدر کی سربراہی میں کاروائی کرتے ہوئے معروف کولڈ ڈرنکس فیکٹری پر چھاپہ مار کر ایکسپائر اجزاء سے تیار کی لاکھوں بوتلیں برآمد کر لیں۔ تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ روڈ لاہور پر شینڈی کولا کا پروڈکشن یونٹ ایکسپائر اجزاء کے استعمال پر سیل کر کے زائدالمیعاد اجزاء سے بنی 3 لاکھ بھری ہوئی بوتلوں کا سٹاک جبکہ ساڑھے چار لاکھ بوتلوں کا خام مال برآمد کر لیا گیا۔

ملاوٹ مافیا کی چالاکی اور ہوشیاری کی حد تو یہاں تک ہے کہ گرفت سے بچنے کے لیے بوتلوں پر فیکٹری کا پتہ بھی غلط درج کیا جا رہا تھا۔ بوتلوں کی تیاری میں ایکسپائر مٹیریل کے علاوہ مٹھاس کے لیے کیمیکل بھی شامل کیا جا رہا تھا۔

(جاری ہے)

رافیعہ حیدر نے مزید بتایا کہ مارکیٹ سے سیمپل اٹھا کر چیک کروائے گئے جو خطرناک حد تک ناقص پائے گئے۔ مارکیٹ سے اٹھائے گئے سیمپل فیل ہونے پرویجیلنس سیل سے ریکی کروا کر چھاپہ مارا گیا۔

اس موقع پر رافیعہ حیدر کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی اشیاء خوردونوش کی بڑھتی ہوئی مانگ کے سبب ناقص خوراک اور ملاوٹ کا مکروہ دھندہ بھی عروج پر پہنچ جاتا ہے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کو حالات کامکمل ادراک ہے اور اس سلسلے میں معمول کی چیکنگ کے علاوہ سپیشل آپریشن ٹیمیں اور ویجیلنس سیل پوری طرح متحرک ہے۔یہی وجہ ہے کہ رمضان المبارک میں اب تک ملاوٹ کی کئی بڑی کوششیں ناکام بنائی گئی ہیں۔

فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے مزید کاروائی کرتے ہوئے گڑھی شاہو میں جیو بلال جوس کارنر پر چھاپے کے دوران خراب کیلے اور آڑو کے استعمال،گندہ واشنگ ایریا،جسمانی صفائی کا نامناسب انتظام،گندے فریزر میں دودھ اور پھلوں کو ایک ساتھ بے ترتیب رکھنے پر15 ہزار جرمانہ اورغیر میعاری دودھ اور کریم کو موقع پر ضائع کر دیا گیا۔محمود علی قصوری روڈ پر کیفے باربیرا کو معائنے کے دوران احاطے اور جسمانی صفائی،حشرات کے خاتمے کے انتظام کو بہتربنانے کا نوٹس جاری اور2017 کا لائسنس بنوانے کی ہدایات جاری کی گئی۔

ریلوے اسٹیشن قصور رمضان بازار،کرکٹ سٹیڈیم رمضان بازار،بابائے پا کستان والٹن کینٹ رمضان بازار،برکت مارکیٹ رمضان بازاراور غالب مارکیٹ رمضان بازارپر معائنے کے دوران مختلف اشیاء خوردونوش کے سٹالزپھلوں اور سبزیوںکے سٹا لز،میٹ اور پولٹری سٹالز،آٹے کے سٹالز،مشروبات اور ڈیری سٹالز پر نتائج تسلی بخش ملنے پر مزید بہتری کی ہدایات اور اشیاء خوردونوش کوڈھانپ کر رکھنے،حفظان صحت کے اصولوں کو مد نظر رکھنے کی تاکیداور مشروبات کے سٹالز سے مختلف برانڈ کے غیر میعاری مشروبات تلف15کلو سویاں23 کلو پھل20 پیکٹ بیسن کو موقع پر ضائع کر دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :