Live Updates

دو نمبرانرجی منصوبوں کا پول کھل گیا،نعروں اور اشتہاروں سے بجلی نہیں بن سکتی‘عبدالعلیم خان

سٹاک مارکیٹ کریش کرنے کی وجہ جے آئی ٹی کی پیشی نہیں حکومت کی عوام دشمن پالیسیاں ہیں ‘صدر تحریک انصاف سنٹرل پنجاب

منگل 13 جون 2017 18:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2017ء) پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور سنٹرل پنجاب کے نو منتخب صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ نے کمیشن خوری کیلئے بنائے جانے والے دو نمبرانرجی منصوبوں کا پول کھول دیا ہے، کھوکھلے نعروں اور اشتہاروں کے ’’پاور پلانٹ‘‘ بجلی پیدا نہیں کرسکتے، اگر حقیقی ٹھوس اقدامات اٹھائے جاتے تو آج روزہ داردن میں 16سے 20گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کا عذاب نہ بھگت رہے ہوتے، سٹاک مارکیٹ کریش ہونے کی وجہ وزیر اعظم نواز شریف کی جے آئی ٹی کے سامنے پیشی نہیں، حکومت کی عوام دشمن پالیسیاں ہیں۔

عبدا لعلیم خان نے یہاںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 4سال قبل شارٹ فال3سے 4 ہزار میگاواٹ تھا،ن لیگ اقتدار میں آئی تو بلند بانگ دعوے کئے لیکن نام نہاد انرجی منصوبے بناتے ہوئے کمیشن خوری کے سوا کسی چیز کو اہمیت نہیں دی، کھوکھلے نعروں اور اشتہاروں کے ’’پاور پلانٹ‘‘ خوب لگائے گئے،صرف تشہیر کرنے کے بجائے عملی اقدامات اٹھائے ہوتے تو آج شارٹ فال 6ہزار کے قریب پہنچنے والا نہ ہوتا ۔

(جاری ہے)

عبدا لعلیم خان نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ بدترین مندی کا شکار ہے، اس کے کریش ہونے کی وجہ وزیر اعظم نواز شریف کی جے آئی ٹی کے سامنے پیشی نہیں،کسی ملزم کے پیش ہونے سے سسٹم کو کوئی خطرات نہیں ہوتے،دراصل حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے عوام کا حکمرانوں اور کرپٹ نظام سے اعتماد اٹھ گیا۔انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی نے حکومتی اداروں کی ریکارڈ ٹمپرنگ کا پول کھول دیاہے،ارکان نے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ دستاویزات میں ردوبدل کی جارہی ہے، صاف ظاہر ہوگیا کہ سرکاری اداروں کو دباؤ میں لانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رکاوٹیں ڈالنے والوں کی بھی تحقیقات ہونا چاہئیں،جب تک وزیر اعظم نواز شریف استعفیٰ نہیں دیتے جے آئی ٹی کیخلاف اوچھے ہتھکنڈوں کا سلسلہ ختم نہیں ہوگا۔اگر نواز خاندان نے جے آئی ٹی کے سامنے جھوٹ نہیں بولا تو ویڈیو ریکارڈنگ ہونے سے ن لیگ کو پریشانی کیوں ہے،حکمران نہیں چاہتے کہ پرویز مشرف کیساتھ این آراو کی طرح ان کی کرپشن کے ثبوت عوام کے سامنے آئیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات