ہنگومیں امریکی ڈرون حملہ،حقانی نیٹ ورک کا کمانڈرابوبکر ہلاک

ڈرون حملے میں ایک لڑکے سمیت 3دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ، ابوبکر افغان صوبہ خوست کا رہائشی اور اسکا اصل نام عمر تھا

منگل 13 جون 2017 18:06

ہنگومیں امریکی ڈرون حملہ،حقانی نیٹ ورک کا کمانڈرابوبکر ہلاک
کابل/ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2017ء) پاکستان کے قبائلی علاقے ہنگومیں امریکی ڈرون حملے میں حقانی نیٹ ورک کا کمانڈرابوبکر ہلاک ہوگیا۔ریڈیو فری یورپ اورافغان خبررساں ادارے ’’خاما پریس ‘‘کی رپورٹ کے مطابق ایک سیکورٹی عہدیدار نے بتایا ہے کہ پیر کو رات گئے ضلع ہنگو کے علاقے سپین ٹل میں امریکی ڈرون حملے میں حقانی نیٹ ورک کا کمانڈر ابوبکر مارا گیا۔

(جاری ہے)

دیول گائوں کے ایک رہائشی بہران خان نے بتایا ہے کہ ڈرون حملے میں ایک لڑکے سمیت 3دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔حملے میں مارا جانے والے حقانی نیٹ ورک کا کمانڈر ابوبکر افغان صوبہ خوست کا رہنے والا تھا اور اسکا اصل نام عمر تھا۔2014میں پاکستانی فوج کی جانب سے آپریشن شروع کیے جانے کے بعد مقتول کمانڈر شمالی وزیرستان کے قبائلی ضلع سے دیول منتقل ہوگیا تھا۔ڈرون حملہ 31مئی کو کابل میں ٹرک حملے جس میں 150سے زائد افراد مارے گئے تھے کے بعد کیا گیا۔افغان حکام نے حملے کا الزام حقانی نیٹ ورک پر عائد کیا تھا تاہم سراج الدین حقانی نے چند روز قبل ایک آڈیو پیغام کے ذریعے ان حملوں سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔