ہر دور میں پیپلز پارٹی کا کڑا احتساب کیا گیا ‘ہماری قیادت کو بار بار عدالتوں میں طلب کیا گیا جسے خندہ پیشانی سے تسلیم کیا ‘ پانامہ کیس کی جے آئی ٹی میں وزیر اعظم کا اوپن ٹرائل ہونا چاہیے کیونکہ خفیہ طریقہ کار سے شکوک و شبہات میں اضافہ ہورہا ہے ‘ جس سے قوم میں بے چینی پائی جاتی ہے

پیپلز پارٹی کے رہنماء سابق وزیر مملکت برائے دفاعی پیداوار سردار سلیم حیدر خان کی میڈیا سے بات چیت

منگل 13 جون 2017 17:27

پنڈی گھیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنماء سابق وفاقی وزیر مملکت برائے دفاعی پیداوار سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے ہر دور میں پیپلز پارٹی کا کڑا احتساب کیا گیا اور ہماری قیادت کو بار بار عدالتوں میں طلب کیا گیا جسے ہم نے خندہ پیشانی سے تسلیم کیا ‘پانامہ کیس کی جے آئی ٹی میں وزیر اعظم کا اوپن ٹرائل ہونا چاہیے کیونکہ خفیہ طریقہ کار سے شکوک و شبہات میں اضافہ ہورہا ہے جس سے قوم میں بے چینی پائی جاتی ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ناصر خان بنگو، مسعود خان چھوئی اور دیگر کی طرف سے دیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پیپلز پارٹی ضلع اٹک کے صدر اشعر حیات خان، تحصیل صدر پنڈی گھیب شیخ آفتاب حسین ایڈووکیٹ بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ ہر دور میں پیپلز پارٹی کا کڑا احتساب کیا گیا اور ہماری قیادت کو بار بار عدالتوں میں طلب کیا گیا جسے ہم نے خندہ پیشانی سے تسلیم کیا اور اپنی بے گناہی قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ثابت کی جبکہ ن لیگ کا پہلی بار احتساب کیا جا رہا ہے جس پر انہوں نے بوکھلا کر اداروں کے خلاف محاذ کھول دیا ہے جبکہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں بھی جے آئی ٹی نکل آئی جس پر حکومتی دباو،ْ اور طریقہ کار میں شفافیت نہ ہونے کی بناء پر کوئی مثبت نتائج کی توقع نہیں ہے انہوں نے کہا کہ آمدہ عام انتخابات میں ضلع اٹک کی تمام نشستوں پر مضبوط امیدوار کھڑے کیے جائیں گے۔