بھارتی حکومت جنگی جنون میں مبتلا ہو کر اس خطہ کو جنگ کی آگ میں دھکیلنا چاہتی ہے ‘ کنٹرول لائن پر تواتر کے ساتھ گولہ باری کر کے غیر اعلانیہ جنگ کا آغاز کردیا ہے ،اقوام متحدہ بھارت کے اس جنگی جنون کو رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے‘ بھارت 6ماہ سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں کر کے کنٹرول لائن پر فائرنگ کررہا ہے جس کے نتیجے میں معصوم شہری نشانہ بن رہے ہیں

آزادکشمیر قانون سازاسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری محمد یٰسین کی مختلف وفود سے گفتگو

منگل 13 جون 2017 15:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2017ء) آزادکشمیر قانون سازاسمبلی میں قائد حزب اختلاف وپاکستان پیپلز پارٹی سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن چودھری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت جنگی جنون میں مبتلا ہو کر اس خطہ کو جنگ کی آگ میں دھکیلنا چاہتی ہے ۔ کنٹرول لائن پر تواتر کے ساتھ گولہ باری کر کے غیر اعلانیہ جنگ کا آغاز کردیا ہے ،اقوام متحدہ بھارت کے اس جنگی جنون کو رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

وہ آج یہاں مختلف وفود سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت گزشتہ 6ماہ سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں کر کے کنٹرول لائن پر فائرنگ کررہا ہے جس کے نتیجے میں معصوم شہری نشانہ بن رہے ہیں ۔ اس وقت تک درجنوں شہری شہید اور زخمی ہوئے، املاک کو بھاری نقصان پہنچا ہے بھارت نے یہاں ایک طرف کنٹرول لائن پر محدود جنگ شروع کی ہوئی ہے دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں آگ اور خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے، تحریک آزادی کو دبانے کیلئے فوجیوں کی تعداد میں اضافہ کر کے جدید جنگی ہتھیاروں کے انبار لگا دیے گئے ہیں حریت قیادت کو جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے کرفیو لگا کر بستیوں کی بستیاں تباہ کی جارہی ہیں بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہو کر مقبوضہ کشمیر میں جو قتل عام کر رہا ہے اس کو روکنے کیلئے اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کرے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام مقبوجہ کشمیر کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ ہم آزادی کی اس جنگ میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں کشمیری عوام اپنی آزادی کیلئے جس طرح قربانیاں دے رہے ہیں ان کا خون رنگ لائے گا وہ آزادی حاصل کر کے رہیں گے انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر رہنے والے افراد جس بے جگری اور جواں مردی سے بھارتی فائرنگ کا مقابلہ کررہے ہیں ، آئے روز اپنے عزیزوں کی لاشیں دفناتے ہیں ، اپنے جان ومال کی قربانیاں دے رہے ہیں لیکن وہاں سے نقل مکانی نہیں کرتے بلکہ اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں ۔

ہم ان کی اس جرأت اور بہادری پر سلام پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فی الفور کنٹرول لائن کے عوام کی حفاظت کیلئے جدید بنکرز تعمیر کرکے ان کو غذائی اجناس اور دوسری ضروریات کیلئے خصوصی پیکج دیا جائے ، موبائل سکول اور موبائل ڈسپنسریاں قائم کی جائیں، مکانوں اور مال مویشی کے نقصانات کے معاوضے دیے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر ایل او سی پر واقع مراکز صحت ایمبولینس کاؤنٹر اور ادویات فراہم کرے تا کہ زخمیوں کا فوری علاج ہوسکے ،ایئر ایمبولینس کا انتظام کیا جائے تا کہ شدید زخمیوں کو فی الفور بڑے ہسپتالوں تک پہنچایا جاسکے۔