صدر سردار مسعود کا کنٹرول لائن کے تتہ پانی اور منڈھول سیکٹر پر بھارتی فوج کی گولہ باری کی شدید مذمت

دو نوجوانوں کی شہادت اور 2 افراد کے زخمی ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار

منگل 13 جون 2017 15:53

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2017ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کنٹرول لائن کے تتہ پانی اور منڈھول سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلا ناغہ گولہ باری کی شدید مذمت کرتے ہوئے دو نوجوانوں کی شہادت اور دو افراد کے زخمی ہونے پر گہرئے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارتی فوجی بلااشتعال گولہ باری کر کے بین الاقوامی قوانین اور دو طرفہ معاہدات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

عالمی برادری بھارت کی اس درندگی کا نوٹس لے ۔ صدر سردار محمد مسعود خان نے کہا کہ بھارتی فوجی حالات کو خراب کر کے جنگ کو دعوت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب اگر جنگ ہوئی تو جنوبی ایشیاء ایٹمی جنگ کا ایندھن بنے گا ۔ دونوں ملک جوہری صلاحیت کے حامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس لیے اشتعال انگیزی کی حماقت نہ کی جائے ۔ افواج پاکستان نے ابھی تک مکمل صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے ۔

بھارتی فائرنگ کا مقصد آزاد کشمیر کے عوام کو خوفزدہ کر کے انہیں مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بھائیوں کی ہر طرح کی حمایت سے باز رکھنا ہے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بیس کیمپ کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے حق خود ارادیت کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوں گے ۔ اور ہر صورت دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر کشمیری قوم کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت کرتے رہیں گے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت کو اپنے جرائم کے لیے جوابدہ ہونا پڑے گا۔