روزہ تقویٰ اور خدا خوفی پیدا کرتا ہے یہی وہ ہتھیار ہیں جن سے لیس ہو کر انسان صراط مستقیم پر قائم رہتے ہوئے برائیوں سے بچتا ہے ،تقویٰ انسان کے اندر برائیوں کے خلاف جہادکا جذبہ پیدا کرتا ہے اور اس کاآغاز اپنے نفس سے ہوتا ہے

جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر وممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی کا تقریب سے خطاب

منگل 13 جون 2017 15:47

باغ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2017ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر وممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ روزہ تقویٰ اور خدا خوفی پیدا کرتا ہے یہی وہ ہتھیار ہیں جن سے لیس ہو کر انسان صراط مستقیم پر قائم رہتے ہوئے برائیوں سے بچتا ہے ،تقویٰ انسان کے اندر برائیوں کے خلاف جہادکا جذبہ پیدا کرتا ہے اور اس کاآغاز اپنے نفس سے ہوتا ہے منکرات کے خلاف جہاد اور نیکی کا حکم دینا اور برائی سے روکنا کا داعیہ پیدا کرتا ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے جموں وکشمیر اسلامی جمعیت طلبہ کی طر ف سے دئیے گئے افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،تقریب سے ناظم اسلامی جمعیت طلبہ راجہ آفتاب،ناظم اسلامی جمعیت طلبہ باغ مسعود افسر سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ پوری امت کا اثاثہ ہے اور یہ ریاست کا واحد ادارہ ہے جو نوجوانوں کی سیرت و کردار کی تعمیر کرتا ہے آج پوری امت عالمی طاغوت کی گرفت میں ہے نوجوان مغرب کا خاص ہدف ہے طاغوت کی یہ سازش ہے کہ امت کے نوجوان کو ایمان اور عقیدے سے دور کر کے اس کو بے راہ روی کا شکار کیا جائے جمعیت نے نوجوانوں کی کردار سازی کے لیے تاریخ ساز کردار ادا کیا ہے انہوں نے کہاکہ آج کی سب سے بڑی برائی ظلم پر مبنی یہ نظام ہے اس کی اصلاح اور اس کے خلاف جدوجہد کرنا جہاد کے معنوں میں آتا ہے یہ مقدس مہینہ قرآن کا مہینہ ہے اس میں قرآن کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کیا جائے قرآن کے نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کی جائے جماعت اسلامی اللہ کے نظام کو نافذ اور قائم کرنے کے مشن لے کر نکلی ہے یہ انبیاؑ کا مشن ہے اللہ کے نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کرنا ہر مسلمان کی ذمہداری ہے انہوں نے کہا کہ اپنے نفس کے ساتھ جہاد سے آغاز کرتے ہوئے تمام آلائشوں سے پاک ہو کر اپنے گھر اور سماج کو منکرات سے پاک کریں برائیوں کے خلاف مزاحمت اور جدوجہد ہی کا نام تقویٰ ہے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں طلبہ اور نوجوان تحریک آزادی کا ہر اول دستہ ہیں آزاد خطے کے نوجوان بھی کالجز اور یونیورسٹیز میں مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں تحریک کے ہر اول دستے کا کردار ادا کریں نوجوانوں کو دین کی طرف لائیں ،قرآن وسنت پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں اسلامی جمعیت طلبہ ایک ایک نوجوان تک اپنی دعوت پہنچائے اس کی سیرت و کردار کی تعمیر کرے معاشرے سے برائیوں کے خاتمے اور نیکیوں کو عام کرنے کی جدوجہد کرے ۔

متعلقہ عنوان :