علاقائی اور برادری سطح پر غریب افراد کی بہتر خدمت کی ہو سکتی ہے ، گورنر سندھ

منگل 13 جون 2017 15:43

علاقائی اور برادری سطح پر غریب افراد کی بہتر خدمت کی ہو سکتی ہے ، گورنر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ علاقائی اور برادری کی سطح پر فلاح وبہبو د کے کاموں کے ذریعہ مستحق اور ضرورت مند افراد کی بہتر خدمت ہو سکتی ہے اس ضمن میں برادری سطح پر قائم کمیونٹی سینٹرز کا کردار اہم ہے ، جمعیت پنجابی سوداگران دہلی اپنی کمیونٹی کی خدمت میں سرفہرست ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں جمعیت کے صدر سعید شفیق کی سربراہی میں آنے والے ایک وفد سے ملاقات میں کیا ۔

وفد میں جمعیت کے جنرل سیکریٹری سلیم فاروقی بھی شامل تھے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت افضل ترین عبادت کا درجہ رکھتی ہے ، لوگوں کی فلاح و بہبود کے کاموں سے اللہ تعالیٰ سب سے زیادہ خوش ہو تے ہیں ، دکھی انسانیت کی خدمت آخرت کو سنوارنے کا اہم ذریعہ ثابت ہو تا ہے ، برداری سطح پر قائم کمیونٹی سینٹرز کے ذریعہ لوگوں کی سنت نبوی ﷺ کے عین مطابق کہ دائیں ہاتھ سے دو اور بائیں ہاتھ کو پتہ بھی نہ چلے ، کے مترادف خدمت سے انسانیت کی تذلیل بھی نہیں ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اپنے ارد گرد کے لوگوں کی پہلے خدمت کا درس اسلام کا واضح پیغام ہے کینوکہ سب سے زیادہ حقدار بھی وہی ہوتے ہیں اس کے بعد اس کا ر خیر کا دائرہ بڑھانے سے اس کی افادیت بڑھ جاتی ہے ۔ انہوں نے جمعیت سوداگران دہلی ، برادری سطح پر غریب اور کم آمدنی والے افراد کی کفالت کے لئے با الخصوص صحت ، تعلیم ، رہائش ، تدفین اوردیگر انسانی ضروریات کو پورا کرنے کا ادارہ بن چکا ہے جس سے لوگوں کو بڑی توقعات ہیں ۔

ملاقات میں پنجابی سوداگران دہلی کے جنرل سیکریٹری سلیم فاروقی نے گورنر سندھ کو بتایا کہ جمعیت پنجابی سوداگران دہلی 1948 ء سے فعال ادارہ ہے ، اس پلیٹ فارم سے تین لاکھ افراد سے زائد گھرانوں کی کفالت کی جاتی ہے جبکہ غریب اور کم آمدنی والے افراد کو صحت ، تعلیم ، رہائش ، تدفین اور دیگر انسانی ضروریات کو پورا کیا جا رہا ہے ، جمعیت دیگر برادریوں کے افراد کی بھی خدمت کرتی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ کمیونٹی کے تحت فلاحی ادارے بغیر منافع کے کام کررہے ہیں جس کے ممبرز سالانہ فنڈز دیتے ہیں جن سے غریب افراد کی کفالت کی جاتی ہے ، کم آمدنی والے افراد کو رہائش فراہم کرنے کے لئے کمیونٹی سطح پر کورنگی کراسنگ پر اللہ والا ٹائون تعمیر کیا گیا جہاں لوگوں کو انتہائی مناسب قسطوں کی ادائیگی پر فلیٹ فراہم کئے گئے ، اللہ والا ٹائون میں سیوریج کا مسئلہ سنگین شکل اختیار کرتا جا رہا ہے جس پر گورنر سندھ نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ متعلقہ حکام سے رابطہ کرینگے ۔ وفد نے مسائل تفصیل سے سننے اور ان کے حل میں بھرپور دلچسپی لینے پر گورنر سندھ کا شکریہ بھی ادا کیا ۔