اکادمی ادبیات پاکستان کی کارکردگی بہتر بنانے ، مختلف منصوبوں کے لیے رقم کی فراہمی حکومت کا احسن قدم ہے

وزیراعظم محمد نواز شریف، وفاقی وزیر احسن اقبال، عرفان صدیقی اور وزارتِ خزانہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں،ڈاکٹر محمد قاسم بگھیو

پیر 12 جون 2017 22:14

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2017ء) اکادمی ادبیا ت پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر محمد قاسم بگھیو نے وزیراعظم محمد نواز شریف، وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ احسن اقبال، مشیر وزیراعظم برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی اور وزارتِ خزانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مالی سال میں اکادمی ادبیات پاکستان کی کارکردگی بہتر بنانے اور اس کے مختلف منصوبوں کے لیے رقم کی فراہمی حکومت کا احسن قدم ہے۔

حکومت نے علمی ادبی اداروں پر خصوصی توجہ دی ہے۔ اکادمی ا دبیا ت پاکستان کے تحت اہل قلم کے وظیفے میں اضافہ ، قومی ادبی ایوارڈز کے سلسلے میں نئے ایوارڈز کا اجراء اور اکادمی کے آڈیٹوریم کے لیے مالی وسائل کی فراہمی جیسے اہم کام موجودہ حکومت میں ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت نے اکادمی ادبیات پاکستان کے دائرہ کار کو وسیع کرنے اور اس کے نئے دفاتر کے قیام کے لیے نئے مالی سال کے بجٹ میں فنڈز کی منظوری دی ہے جسے اہل قلم نے سراہا ہے۔

ڈاکٹر محمدقاسم بگھیو، چیئرمین ، اکادمی ادبیات پاکستان نے اس خصوصی توجہ کے لیے عرفان صدیقی ، مشیر وزیراعظم برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن، کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ان کی ذاتی دلچسپی سے اکادمی کو نئے منصوبوں کے لیے ڈیویلپمنٹ فنڈ دیا جارہا ہے جس میں ملتان میں اکادمی کے دفتر کے علاوہ کوئٹہ، پشاور میں عمارتیں بنوانے اور دادو، فاٹا ، مظفرآباداور گلگت۔

بلتستان میں نئے دفاتر قائم کرنا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکادمی کی خواہش ہے کہ ادیبوں کی فلاح و بہبود کے لیے اہم کام کیے جائیں اور اکادمی کے نئے منصوبوں پر تیزی سے کام کیا جائے۔اکادمی ادبیات پاکستان نے بہت سے منصوبے تیار کیے تھے لیکن فنڈز نہ ہونے کے سبب تمام منصوبے پینڈنگ تھے۔ موجودہ حکومت نے علم و ادب سے دلچسپی اور اس کے فروغ کے لیے اقدام کرتے ہوئے اکادمی کو مالی وسائل فراہم کیے تاکہ وہ اپنے ادبی منصوبوں پرپیش رفت کر سکے۔