ہمارے دوست سی پیک سے بے پناہ خوش ، دشمن کو عظیم الشان منصوبے پر بہت تکلیف ہے‘شہبازشریف

سی پیک کیخلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا ، پوری قوم سی پیک کو آگے بڑھانے کیلئے ایک ہے سی پیک کے پہلے منصوبے 1320 میگاواٹ کے ساہیوال کول پاورپلانٹ کو مقررہ مدت سے 7 ماہ قبل مکمل کیا گیا ہے سی پیک حقیقی معنوں میں پاکستان کیلئے ایک گیم چینجر ثابت ہوا ہے‘وزیراعلیٰ کی وفاقی وزیر احسن اقبال سے گفتگو

پیر 12 جون 2017 22:10

ہمارے دوست سی پیک سے بے پناہ خوش ، دشمن کو عظیم الشان منصوبے پر بہت تکلیف ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک حقیقی معنوں میں پاکستان کیلئے ایک گیم چینجر ثابت ہوا ہے اور سی پیک نے پاکستان کی تیز رفتار ترقی کی بنیاد رکھ دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان میں55 ارب ڈالر کی تاریخ ساز سرمایہ کاری کر رہا ہے اور اس سرمایہ کاری میں اربوں ڈالر کا مزید اضافہ ہو گا۔پاکستان میں اربوں روپے کے منصوبوں سے ترقی کا سفر تیز ہوا ہے اور وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک ترقی و خوشحالی کی منزل کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے پہلے منصوبے ساہیوال کول پاورپلانٹ کو مقررہ مدت سے 7 ماہ قبل مکمل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

چین سمیت دنیا میں1320 میگاواٹ کا منصوبہ اتنی قلیل مدت میں نہیں لگا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے دروازے کھول دیئے ہیں۔ پاکستان میں اربوں روپے کی چینی سرمایہ کاری سے پاکستان کے عوام کیلئے روزگار کے لا تعداد مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔سی پیک خطے سے دہشت گردی ، انتہا پسندی اور غربت میں کمی لانے کے حوالے سے بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمارے دوست سی پیک سے بے پناہ خوش ہیں جبکہ دشمن کو اس عظیم الشان منصوبے پر بہت تکلیف ہے۔ سی پیک کے خلاف کسی قسم کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور پوری قوم سی پیک کو آگے بڑھانے کیلئے ایک ہے۔