موجودہ ملکی کرپٹ نظام میں صحافیوں پر معاشرے کی اصلاح اور حق کی آواز بلند کرنے کی بھاری ذمہ داری ہے،عبدالولی خان شاکر

میڈیا عوام کی تعمیر وتربیت کاکام کرنے میں کردار اداکرے، ریٹنگ کے بجائے قومی اجتماعی مفاد کو ترجیح رکھیں،سیکرٹری انفارمیشن جماعت اسلامی

پیر 12 جون 2017 20:08

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2017ء) جماعت اسلامی بلوچستان کے سیکرٹری انفارمیشن عبدالولی خان شاکر نے کہا کہ موجودہ ملکی کرپٹ نظام میں صحافیوں پر معاشرے کی اصلاح اور حق کی آواز بلند کرنے کی بھاری ذمہ داری ہے میڈیا عوام کی تعمیر وتربیت کاکام کرنے میں کردار اداکریں سنسنی اور فحاشی تباہی وبربادی کے راستے ہیں ریٹنگ کے بجائے قومی اجتماعی مفاد کو ترجیح رکھیں۔

ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی رضا میں ہی انسان خوش رہتا ہے اور انسانیت کی خدمت ہی افضل عبادت ہے ۔ ہمیں دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے مخیر حضرات کو مستحق افراد کی مدد کے لیے آگے لانا ہوگا تاکہ معاشرے میں نادار لوگوں کی کفالت اور علاج ہو سکے جو سرکاری ہسپتالوں میں ناممکن ہوتا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ہمیں اپنی خوشیوں کے چند لمحات غریب افراد کیلئے مختص کرنے چاہیے اور ان کی مدد کرنی چاہیے تاکہ وہ بھی معاشرے میں سرا ٹھا کر چل سکیں ۔ جماعت اسلامی کے فلاحی ادارہ الخدمت فائونڈیشن رفائی کاموں میں اپنی مثال آپ ہیں جن میں غریب ، مستحق افراد کے لیے بالا سودقرضہ جات سے لے کر یتیم بچوں کی کفالت ، پڑھائی اورعلاج معالجہ تک ایسے بے شمار پروجیکٹس ہیں جن سے غریبوں اور ناداروں کی مدد کی جا رہی یہ سب مخیر حضرات کے تعائون سے ممکن ہو رہا ہے ۔