ایم کیو ایم اور مسلم لیگ فنکشنل کرپشن اوردھاندلی پر بات نہ کریں تو اچھاہے، منظور وسان

کراچی کیلئے بجٹ میں ستر ارب رکھے ہیں،کراچی کیلئے بارہ ارب روپے کا خصوصی پیکج رکھا ہے، بلدیہ کراچی کیلئے سندھ بجٹ میں تیس ارب روپے کی گرانٹ رکھی ہے، بجٹ اجلاس سے اظہار خیال

پیر 12 جون 2017 20:08

ایم کیو ایم اور مسلم لیگ فنکشنل کرپشن اوردھاندلی پر بات نہ کریں تو اچھاہے، ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2017ء) سندھ کے وزیر صنعت وتجارت منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور مسلم لیگ فنکشنل کرپشن اوردھاندلی پر بات نہ کریں تو اچھاہے، کرپشن اور دھاندلی کس طرح ہوتی ہے ان سے زیادہ کون جانتاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکو سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فنکشنل لیگ اور ایم کیو ایم خود کرپشن اور انتخابی دھاندلی کرتی ہیں مگر الزم دوسروں پر دھرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلی بارسندھ کی ترقیاتی بجٹ میں بڑااضافہ کیا گیاہے، نئی بجٹ میں اضلاع کی ترقیاتی بجٹ میں اضافہ بھی خوش آئندہ ہے، موجودہ بجٹ عوام دوست ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی شہر کو ستر ارب کا پیکج دیا گیاہے، کراچی والوں کو پڑھالکھا کہناباقی کو ان پڑھ کہنا درست نہیں، یہ اس طرح تفریق پیدا نہ کیاجائے۔

(جاری ہے)

منظور حسین وسان نے ایم کیو ایم اور فنکشنل لیگ کو مخاطب ہوتے کہا کہ مجھے آپ کی باتوں اور آنکھوں میں شرارت نظر آرہی ہے،کراچی کے لیے بجٹ میں ستر ارب رکھے ہیں،کراچی کیلئے بارہ ارب روپے کا خصوصی پیکج رکھا ہے، بلدیہ کراچی کے لئے سندھ بجٹ میں تیس ارب روپے کی گرانٹ رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن والے بتائیں کہ یہ جب اقتدار میں رہے ہیں اس دوران سندھ کیلئے کیا کیا تھا، ہم یہ ذکر نہیں کرتے کہ کس کے دور میں ہم کو کس طرح انتقام کا نشانہ بنایاگیاتھا اب جب ان پر بات آئی ہے تو باتیں کررہے ہیں۔منظور حسین وسان نے فنکشنل لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا کیا۔۔کھایا پیا۔۔۔سانگھڑ کو کیا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور فنکشنل لیگ دو ایسی جماعتیں ہیں جو انتخابی دھاندلی اور کرپشن کے خلاف نہ بولیں تو بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیرپور اور سانگھڑ اضلاع میں محکمہ فاریسٹ اور دیگر سرکاری زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی تحقیقات کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ 80 ہزار ایکڑ زمین ہے اس کی نیب تحقیقات کرائے، سانگھڑ سے تیل اور قادن والی گیس کمپنیز کو بلاکر پتہ کیا جائے کہ ان سے کون پیسا لیتاہے، وہ رقم وصول کرکے غریب میں تقسیم کی جائے۔انہوں نے کہا کہ کراچی شہر آپ کے آنے سے نہیں بناہے پہلے بھی تھا، سندھ کا کیپیٹل بھی ہے، یہ مت کہاجائے کہ کراچی کماتاہے تو کھاتے ہیں اس طر ح کی نفرتیں بڑھانے اور تقسیم کی باتیں مت کریں۔

منظور حسین وسان نے کہا کہ آئو سب ملکر سندھ کیلئے کام کریں اور نفرتیں ختم کریں، یہاں زرعی انکم ٹیکس کی بات کی گئی ہم سب ٹیکس دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محمد حسین سمیت کچھ اور بھی دوست پرانے ہیں جو سب سمجھتے ہیں۔ منظورحسین وسان نے خواب بتاتے ہوئے کہا کہ میں نے آج خواب دیکھا ہے کہ ایوان میں بیٹھے اور سندھ کے عوام کا بھلا ہوگا۔