کارپٹ مینو فیکچررز اپنی برآمدات بہتر کریں ان سے ہر طرح کا تعاون کریں گے،سیکرٹری ٹڈاپ

پیر 12 جون 2017 17:49

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2017ء) سیکرٹری ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی انعام اللہ خان دریجو نے کہا ہے کہ حکومت کے وژن کے مطابق پاکستان کی برانڈ مارکیٹنگ کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ،کارپٹ مینو فیکچررز اپنی برآمدات بہتر کریں ان سے ہر طرح کا تعاون کریں گے، مستقبل میں مارکیٹنگ پلان مرتب کرتے وقت ایسوسی ایشن سے بھی مشاورت کی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ٹڈاپ لاہور آفس میں کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد کی سربراہی میں میجر (ر) اختر نذیر،لطیف ملک اور خواجہ شاکر پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹرجنرل ٹڈاپ میاں ریاض احمد اور ڈائریکٹر ایگزیبیشن محمد عرفان سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ایسوسی ایشن کے وفد نے سیکرٹری ٹڈاپ کو اکتوبر میں پاکستان میں منعقد ہونے والی کارپٹ کی عالمی نمائش کی تیاریوں اور خصوصاًدرپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا ۔

سیکرٹری ٹڈاپ نے نمائش کی تیاریوں اور اخراجات کیلئے فنڈز بڑھانے ، نمائش میں آنے والے غیر ملکی مندوبین کے اعزاز میں عشائیہ کی میزبانی اور جرمنی میں منعقد ہ کارپٹ کی سب سے بڑی نمائش میں شرکت کرنے والوں کے لئے -20 80کے تناسب سے اخراجات برداشت کرنے کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ مستقبل میں مارکیٹنگ پلان مرتب کر تے وقت ایسوسی ایشن کو مشاورت کے لئے آن بورڈ لیا جائے گا ۔

سیکرٹری ٹڈاپ انعام اللہ خان دریجو نے مزید کہا کہ پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں میں پہچان بنانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور انشا اللہ اس کے آنے والے دنوں میں مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ ایسوسی ایشن کے وفد نے مطالبات تسلیم کرنے پر سیکرٹری ٹڈاپ اور دیگر افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اپنے ملک کی نیک نامی کا باعث بننے اقدامات میں اپنا ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

متعلقہ عنوان :