ملک کے حکمران جب کرپشن میں ملوث ہوں گے تو پاکستان خوش حال ہونے کے بجائے تباہی اور بربادی کی طرف ہی جائے گا،سردار ممتاز بھٹو

پیر 12 جون 2017 16:58

ملک کے حکمران جب کرپشن میں ملوث ہوں گے تو پاکستان خوش حال ہونے کے بجائے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2017ء) سندھ نیشنل فرنٹ کے چیئرمین سردار ممتاز علی بھٹو نے کہا ہے کہ ملک کے حکمران جب کرپشن میں ملوث ہوں گے تو پاکستان خوش حال ہونے کے بجائے تباہی اور بربادی کی طرف ہی جائے گا ۔ جو جتنا بڑا کرپٹ بدکردار سیاست دان ہے ، وہ اتنے ہی بڑے عہدے پر شرمندہ ہونے کے بجائے اکڑ کر بیٹھا ہے ۔ حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ ار کی وجہ سے پاکستان مسائلستان بن گیا ہے ۔

خاص طور پر سندھ کے حکمرانوں نے کرپشن اور لوٹ مار کرکے سندھ کو گندے نالوں اور کچرے کا ڈھیر بنا دیا ہے ۔ 9 سالوں سے زرداری پارٹی کی سندھ میں حکومت ہونے کے باوجود عوام خوش حال ہونے کے بجائے غربت اور بدحالی کی طرف جا رہے ہیں ۔ اور غریب کچرے کے ڈھیر پر خوراک تلاش کرکے اپنا گزر بسر کرنے پر مجبو رہیں ، جسے دیکھ کر دن خون کے آنسو روتا ہے ۔

(جاری ہے)

شہید ذوالفقار علی بھٹو کے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں تھی بلکہ وہ عوامی لیڈر تھے ، جس کی طاقت کا سرچشمہ عوام تھے لیکن آج ان کے نام پر پلنے والا زرداری ٹولے کا سرچشمہ کرپشن اور لوٹ مار ہے ، جو صرف جئے بھٹو ، لوٹو اور پھوٹو کے نعرے پر گامزن ہے ۔ ان خیالات کا اظہار سردار ممتاز علی بھٹو نے گذشتہ روز ضلع ملیر کے مختلف علاقوں اور گوٹھوں کا دورہ کرکے مختلف عوامی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ’’سندھ جاگو دھر ماں کو بچاؤ ‘‘ تحریک کی شروعات کا آغاز کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں الیکشن نہیں بلکہ مفاہمتی سلیکشن ہوتا آیا ہے ۔ جس کی وجہ سے پیپلز پارٹی سندھ کے عوام پر زبردستی مسلط کی گئی اور زرداری کی سندھ حکومت عوام کی منتخب کردہ نہیں بلکہ یہ لوگ عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈال کر سندھ پر نازل ہوئے ہیں ۔ گذشتہ الیکشن میں پولیس اور دیگر اتنظامیہ کی مدد سے دھاندلی کے زور پر الیکشن جیتا تھا ۔

سندھ کے لوگ بے وقوف نہیں ہیں کہ وہ انہیں ووٹ دے کر مزید زرداریوں کے ظلم و زیادتیوں کے شکار کا نشانہ بنے ۔ سردار ممتاز بھٹو نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام کو اب اپنے حقوق ، دھرتی ماں کے تحفظ اور بقا کے لیے کرپٹ حکمرانوں سے نجات کے لیے میدان میں آنا ہو گا اور سندھ کے عوام کو بھی اپنے چھوٹے چھوٹے ذاتی مفادات کے لیے کرپٹ حکمرانوں کے پیچھے بھاگنے کے بجائے سچے مخلص ، ایماندار سیاست دانوں کا ساتھ دینا ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ نیشنل فرنٹ اقتدار حاصل کرنے کے لیے نہیں بلکہ عوام کے حقوق ، دھرتی ماں کے تحفظ کی جنگ لڑ رہے ہیں اور عید کے بعد کراچی سمیت پورے سندھ کا تفصیلی دورہ کرکے کرپٹ حکمرانوں سے نجات کے لیے آگاہی پروگرام شروع کرنے کی تحریک چلائیں گے کیونکہ سندھ کے ہر دھرتی کے نمک حلال فرزند کا فرض بنتا ہے کہ وہ سندھ دھرتی کو بچانے اور عوام دشمن حکمرانوں سے نجات کے لیے حقیقی طو رپر میدان میں آئیں ۔ اس موقع پر ایوب شر ، انور گجر ، رزاق باجوہ ، پیر اللہ دینو وہاب شاہ جیلانی ، عبدالنبی بروہی ، لطیف راؤلانی ، عبدالفتح بھٹو ، نور محمد بلوچ اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔