شہدادپور میں 4گھنٹے اعلانیہ اور 4 گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ، شدید گرمی میں عوام پریشان

اتوار 11 جون 2017 20:50

شہدادپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2017ء) شہدادپور میں 4گھنٹے اعلانیہ اور 4 گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ، شہریوں میں سخت اشتعال ۔ تفصیلات کے مطابق شہدادپور میںحیسکو کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران بجلی کی 4 ۔گھنٹے اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری کرنے کے باوجود 4 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ساتھ 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے،جس کی وجہ سے شہریوں میں سخت اشتعال پایا جاتا ہے۔

حیسکو کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق صبح پونے چھ بجے سے پونے سات بجے تک ، دن پونے بارہ بجے سے پونے ایک بجے تک ، شام پونے پانچ سے پونے چھ بجے تک اور رات پونے گیارہ سے پونے بارہ بجے تک کا اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری کیا ہے لیکن اس کے باوجود دن اور رات کے اوقات میں 4گھنٹے کی غیر اعلانیہ اور اس کے علاوہ ہر آدھے گھنٹے بعد 5 ،5 منٹ کی علیٰحدہ بجلی بند کر نے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے جس کی وجہ سے شہریوں میں سخت غصہ اور اشتعال پایا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

شہریوں نے وزیر اعظم ، وفاقی وزیر پانی و بجلی اور حیسکو کے افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے علاوہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بار بار بجلی بند کرنے کا سلسلہ فوری طور پر ختم کیا جائے اور اس میں ملوث حیسکو افسران کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔

متعلقہ عنوان :