ساہیوال میں آندھی ، طوفانی بارش اور ژالہ باری، گھروں کی چھتیں اور بجلی کے کھمبے ٹوٹ گئے ،4جاں بحق 66شدید زخمی، 13کی حالت نازک

اتوار 11 جون 2017 20:20

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2017ء) ضلع ساہیوال میں ایک سو دس میل فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی ، طوفانی بارش اور ژالہ باری سینکڑوں گھروں کی چھتیں مسمار اور بجلی کے کھمبوں پردرخت گرنے سے 225ٹوٹ گئے ،16ٹرانسفار مر جل گئے ،20گھنٹے سے بجلی کی سپلائی معطل ،4افراد جاں بحق 66شدید زخمی ہو گئے 13 افرادکی حالت نازک۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی شام کو ضلع ساہیوال میں طوفان کے بعد ژالہ باری ، بارش کے سبب گھروں کی چھتیں اڑ گئیں ، سینکڑوں درخت بجلی کی سپلائی لائنوں تاروں پر گرنے سے سوا دو سو کھمبے ٹوٹ گئے اور تاریں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئیں ۔

ساہیوال شہر کے 12میں سے 10فیڈر وں کی بجلی آٹھ گھنٹے بعد بحال کر دی گئی جبکہ 2فیڈروں فرید ٹائون سول لائن اور طار ق بن زید کے شہری علاقوں میں جزوی طور پر بجلی بحال ہوئی لیکن ایف بلاک ، فرید ٹائون ، کوٹ خادم علی شاہ ، کوٹ اللہ دین اور نور شاہ کچا پکا روڈ کی کالونیوں میں 20گھنٹے گزرنے کے باوجود بجلی کی سپلائی بحال نہ ہوسکی ۔

(جاری ہے)

واپڈا کے ترجمان نے سوا دوسو بجلی کے پول ٹوٹنے اور 16ٹرانسفار مر جل جانے کی تصدیق کی ہے جبکہ اوڈ کالونی چیچہ وطنی کی 12سالہ بچی علیزہ درخت کے نیچے آنے سے جاں بحق ہو گئے۔

جبکہ وارڈنمبر 19چیچہ وطنی حافظ بلال کا 9سالہ بیٹا ابراہیم گھر کا پردہ گرنے سے جاں بحق ہوگیا ۔ بستی اوکانوالہ روڈ کے وسیم کا 8سالہ بیٹا معظم بجلی کا جھٹکا لگنے سے جاں بحق ہوگیا جبکہ ہڑپہ کی بستی رنگ شاہ کا محمد طفیل درخت کے نیچے آنے سے جاں بحق ہوگیا ۔ 66زخمیوں کو ساہیوال اور چیچہ وطنی کے ہسپتالوں میں داخل کرا یا گیا ہے جن میں سے محمد سلیم ، محمد رفیق، محمد عثمان، اللہ دتہ ، مریم کوثر ، نبیلہ کوثر، رخسانہ، مائرہ ، ایمان فاطمہ ، سدرہ ، زمان، ثنا ء اور نورفاطمہ سمیت 13افراد کی ہسپتال میں حالت تشویش ناک ہے ۔