موجودہ کرپٹ نظام میں صحافیوں پر معاشرے کی اصلاح کی بھاری ذمہ داری ہے ،میڈیا عوام کی تعمیر وتربیت کاکام کرنے میں کردار اداکرے

سیکرٹری انفارمیشنجماعت اسلامی بلوچستان عبدالولی خان شاکر کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 11 جون 2017 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2017ء) جماعت اسلامی بلوچستان کے سیکرٹری انفارمیشن عبدالولی خان شاکر نے کہا کہ موجودہ ملکی کرپٹ نظام میں صحافیوں پر معاشرے کی اصلاح اور حق کی آواز بلند کرنے کی بھاری ذمہ داری ہے میڈیا عوام کی تعمیر وتربیت کاکام کرنے میں کردار ادا کرے،سنسنی اور فحاشی تباہی وبربادی کے راستے ہیں ریٹنگ کے بجائے قومی اجتماعی مفاد کو ترجیح رکھیں۔

اتوار کو وہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہہ رہے تھے کہ اللہ تعالیٰ کی رضا میں ہی انسان خوش رہتا ہے اور انسانیت کی خدمت ہی افضل عبادت ہے ۔ ہمیں دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے مخیر حضرات کو مستحق افراد کی مدد کے لیے آگے لانا ہوگا تاکہ معاشرے میں نادار لوگوں کی کفالت اور علاج ہو سکے جو سرکاری ہسپتالوں میں ناممکن ہوتا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ہمیں اپنی خوشیوں کے چند لمحات غریب افراد کیلئے مختص کرنے چاہیے اور ان کی مدد کرنی چاہیے تاکہ وہ بھی معاشرے میں سرا ٹھا کر چل سکیں ۔

جماعت اسلامی کے فلاحی ادارہ الخدمت فائونڈیشن رفائی کاموں میں اپنی مثال آپ ہیں جن میں غریب ، مستحق افراد کے لیے بالا سودقرضہ جات سے لے کر یتیم بچوں کی کفالت ، پڑھائی اورعلاج معالجہ تک ایسے بے شمار پروجیکٹس ہیں جن سے غریبوں اور ناداروں کی مدد کی جا رہی یہ سب مخیر حضرات کے تعائون سے ممکن ہو رہا ہے ۔