پہلے 15روزوں میں رمضان بازاروں سے ر یکارڈ خریداری کی گئی ، بلال یٰسین

اتوار 11 جون 2017 18:30

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2017ء)صوبائی وزیر خوراک و چئیرمین پرائس کنٹرول کمیٹی بلال یٰسین نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے پہلے 15روزوں میں رمضان بازاروں سے ر یکارڈ خریداری کی گئی ہے۔صوبے کے تمام اضلاع میں قائم رمضان بازاروں میں اشیائے خورونوش کی ارزاں نرخوں پر بلا تعطل فراہمی جاری ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب ذاتی طور پر رمضان بازارون کے آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔

بلال یاسین نے کہا کہ اوپن مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ اور پھلوں کی مہنگے داموں فروحت کی شکایتیں موصول ہوئی ہیں جس پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کا کہا گیاہے۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے آپریشنز تیز کرنے اور روزانہ کی بنیادوں پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار بلال یا سین نے لاہور کے مختلف ٹاونز میں قائم رمضان بازاروں کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔

وزیر خوراک نے اتوار کے روزشادمان ،گلشن راوی،کریم پارک،سمن آباد،وحدت کالونی اور اسلام پورہ کے رمضان بازاروں کا دورہ کیااور اشیائے خورونوش کی قیمتوں،معیا ر اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔انھوں نے رمضان بازاروں میں لیموں،پیاز اور آلو کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔انھوں نے کیلا،سیب،خوبانی ،آم ،فالسہ اور دیگر پھلوں کے معیار اور قیمتوں کے بارے میں خریداری کے لیے آنے والے شہریوں سے رائے لی اور اطمینان کا اظہار کیا۔

انھوں نے آٹے اور چینی کے معیار اور وزن کے حوالے سے بھی خریداروں سے استفسار کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ اوپن مارکیٹ میں بھی پھلوںکی قیمتیں کنٹرول کرنے کے لیے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ ناجائز ذخیرہ اندوزی اور مہنگے داموں اشیاء کی فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کریں۔انھوں نے چینی اور آٹے کے سٹالز پر خریداروں کی لمبی قطار وں پر انتظامیہ سے ناراضگی کا اظہار کیااور ان سٹالز پر عملہ بڑھانے کی ہدایت کی۔