خیبرپختونخوا اسمبلی میں مالی سال کے بجٹ پر بحث دوسرے روز بھی جاری رہی،اپوزیشن کی حکومت پرتنقید، بجٹ کومخصوص اضلاع کابجٹ قراردیدیا

جن قرضوں کی بات ہورہی ہے وہ صوبے کو نہیں لے ڈوبے گا، پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ کیلئے قرضہ لیا ہے تو یہی پراجیکٹ اپنا قرضہ ختم کریگا،پرویزخٹک

اتوار 11 جون 2017 18:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2017ء) خیبرپختونخوا اسمبلی میں مالی سال کے بجٹ پر بحث دوسرے روز بھی جاری رہی،اپوزیشن اراکین نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے بجٹ کومخصوص اضلاع کابجٹ قراردیدیا۔وزیر اعلی پرویز خٹک کا کہنا تھا جن قرضوں کی بات ہورہی ہے وہ صوبے کو نہیں لے ڈوبے گا، پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ کے لئے قرضہ لیا ہے تو یہی پراجیکٹ اپنا قرضہ ختم کرے گی۔

سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت بجٹ سیشن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی پرویز خٹک کا کہنا تھا ہمارا صوبہ غریب ہے ہم جانتے ہیں کہ صوبے پر قرضوں کا بوجھ نہیں ڈالتے، سوات موٹروے شو شا کے لئے نہیں بلکہ ضرورت کے لئے بنارہے ہیں، وزیر اعلی کا کہنا تھا صوبے پر سو ارب تک قرضہ ہے، شیشے کی طرح صاف ہیں ہر بات کا جواب دے سکتے ہیں، وزیر اعلی پرویز خٹک کا کہنا تھا جو پراجیکٹ کے پی حکومت نے شروع کیے اسکا ہر قسم حساب دینے کے لئے تیار ہیں،بجٹ اجلاس میں حصہ لیتے ہوئے اپوزیشن اراکین نے مالی سال کابجٹ خسارے کابجٹ قراردیدیا،رکن اسمبلی راجہ فیصل زمان کاکہنا تھا کہ ان کے حلقہ میں منصوبوں کے لئے اے ڈی پی میں ایک جگہ تین ارب اور دوسری جگہ پانچ کروڑ روپے مختص ہیں، میں حیران ہوں اتنی مہربانی کیوں ہے، انہوں نے ایوان کوبتایا کہ میرے علاقہ میں کوئی بڑی سیاسی سکیم کی تیاری ہورہی ہے، ایم پی اے کی عزت کرنی چاہیے،نعوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک کاکہنا تھا این ایف سی ایوارڈ کے اجراء کے بغیر صوبائی بجٹوں کی بھی کوئی آئینی حیثیت نہیں رہتا،ان کا کہنا تھا یہ حقیقت ہے کہ پنجاب پاکستان ہے اورپاکستان پنجاب ہے،یہ سیاسی نعرہ نہیں ہے،51 فیصد آمدن پنجاب میں خرچ ہوتا ہے،یہ کہاں کا انصاف ہے،ان کا کہنا تھا زرداری صاحب کو لوگ ہزار بار گالیاں دیں،وہ چھوٹے صوبوں کا ہیرو ہے۔

(جاری ہے)

حکومتی رکن قربان علی خان نے حکومت پر تنقیدکرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری کو بتایا تھا بلین سونامی ٹری ہمارے خان کے گلے پڑنے والا ہی: بلین سونامی ٹری کے تحت 40 لاکھ پودے دئیے گئے ہیں،قربان خان کا کہنا تھا مجھے پتہ نہیں پی ٹی ائی مجھے ٹکٹ دیتی ہے یا نہیں، لیکن کہتا ہوں مجھے پچھلے بجٹ میں بھی پیسے مختص کیے گئے ہیں لیکن وہ پیسے نہیں ملے،پتہ نہیں کس نے خرچ کئے ہونگے۔ انہوں نے نیب کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ نوشہرہ آئے تاکہ میں انھیں بتاوں کہ وہاں کروڑوں روپے کی کرپشن ہو رہی ہے۔ اس موقع پر رکن اسمبلی قربان خان نے بجٹ اجلاس سے احتجاجا واک آوٹ کیا۔ سپیکر نے بجٹ سیشن آج پیر دوپہر دوبجے تک ملتوی کردیا۔