اسلام آباد کی مساجد کمیٹیوں نے معتکفین کی رجسٹریشن کو حتمی شکل دیناشروع کردی

اتوار 11 جون 2017 18:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2017ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی مساجد کمیٹیوں نے معتکفین کی رجسٹریشن کو حتمی شکل دیناشروع کردی جبکہ اعتکاف بستیوں کے انتظامات بھی شروع ہو گئے۔ وفاقی دارالحکومت ماہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں روزہ دار اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے مساجد میں اعتکاف بیٹھتے ہیں اور دنیاکی سرگرمیوں سے الگ ہو کر اپنے خالق کو راضی کرتے ہیں اور لیلة القدر تلاش کرتے ہیں جس ایک رات کی عبادت ہزار مہینوں کی عبادت سے بھی زیادہ افضل قرار دی گئی ہے ۔

اسلام آباد میں معتکفین کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوتا ہے جہاں 3ہزار کے لگ بھگ معتکفین اعتکاف بیٹھتے ہیں۔ دعوة اکیڈمی نے فیصل مسجد کے معتکفین کے رجسٹریشن مکمل کرلی ہے جبکہ حتمی فہرست آئندہ دو روز میں آویزاں کردی جائے گی۔

(جاری ہے)

دریں اثناء مرکز دعوت اسلامی میں بھی ایک بڑی خیمہ بستی قائم ہوتی ہے جہاں معتکفین کی ایک بڑی تعداد اعتکاف کرنی ہے۔

علاوہ ازیں شہر کی تمام چھوٹی بڑی مساجد ، امام بارگاہوں میں بھی اعتکاف کا اہتمام کیاجاتا ہے اور معتکفین کے لئے انتظامی کمیٹیاں سحر وافطار کا بھی بندوبست کرتی ہیں۔ خواتین زیادہ تر گرمیوں میں اعتکاف کرتی ہیں 20ویں روزہ کی تکمیل کے ساتھ ہی نماز عصر کے وقت معتکفین اعتکاف بیٹھیں گے جو رمضان المبارک کا چاند نظر آنے تک جاری رہے گا۔