پی ٹی ڈی سی کے موٹلز میں سیاحوں کیلئے خیمہ بستیاں قائم کرنے کی ہدایت

اتوار 11 جون 2017 18:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2017ء) پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے مینجنگ ڈائریکٹر عبدالغفور نے پی ٹی ڈی سی کے موٹلز میں سیاحوں کیلئے خیمہ بستیاں قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ اقدامات سیاحتی مقامات پر سیاحوں کے بھرپور رش اور ناکافی رہائشی سہولیات کے پیش نظر اٹھانے کی ہدایات کی گئی ہیں۔ ان اقدامات سے پی ٹی ڈی سی کے موٹلز میں زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو ٹھہرایا جا سکے۔

(جاری ہے)

عبدالغفور نے کہا کہ عیدالفظر کے بعد خیمہ بستیوں کی سہولت دستیاب ہو گی جہاں انتہائی مناسب نرخوں پر سیاح ٹھہر سکیں گے۔ پی ٹی ڈی سی پہلے ہی 20 فیصد رعایت کے خصوصی رمضان پیکج پر عمل درآمد کر رہی ہے جس سے سیاحوں کی ایک بڑی تعداد استفادہ کر رہی ہے۔ پی ٹی ڈی سی کے حکام کے مطابق ایک بڑی تعداد میں سیاح اپنے اہلخانہ کے ہمراہ ایوبیہ، ناران، بالاکوٹ، سیدو شریف، کالام، چترال، کالاش وادی، گوپس، گلگت، ہنزہ، راما جھیل، سکردو، خیلو اور بشام کے موٹلز میں قیام پذیر ہیں اور رمضان پیکج کے تحت 20 فیصد رعایت سے استفادہ کر رہے ہیں۔