حکومت نے موسمیاتی خطرات سے آگاہی والے اہم منصوبے سردخانے میں ڈال دیئے

اتوار 11 جون 2017 17:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2017ء)حکومت نے موسمیاتی خطرات سے آگاہی والے اہم منصوبے کو سردخانے میں ڈال دیا ہے،موسمیات کی پیشگی اطلاع دینے والے 47سالہ پرانے ریڈار سسٹم کی تبدیلی کا منصوبہ ابھی تک ایکنک سے منظور ہی نہیں کرایا جاسکا ہے،منصوبے کی مجموعی لاگت19ارب 15کروڑ روپے سے زائد ہے جس میں19ارب5کروڑ کی غیر ملکی امداد بھی شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ موسمیات کے پرانے اور فرسودہ نظام کو تبدیل کرنے کیلئے ایوی ایشن ڈویژن کی جانب سی19ارب15کروڑ40لاکھ روپے کا منصوبہ حکومت کو پیش کیا گیا ہے جس کے تحت محکمہ موسمیات کے 47سالہ پرانے ریڈارز کی تبدیلی سمیت موسمی حالات کی پیشگی اطلاع دینے والے جدید آلات کی تنصیب شامل تھی جبکہ ایوان بالا میں پوچھے جانے والے سوالات کے جواب میں حکومت نے یہ یقین دہانی کرائی تھی کہ محکمہ موسمیات کے ریڈار سسٹم کی تبدیلی کیلئی19ارب سے زائد کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق حکومت کی عدم دلچسپی کی وجہ سے اس منصوبے کو ایکنک سے منظور نہیں کرایا جاسکا ہے جس کی وجہ سے منصوبے کیلئے مختص غیر ملکی امداد بھی نہیں مل سکی ہے جبکہ حکومت نے مالی سال2017-18ء کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں منصوبے کیلئے صرف 10 کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔(ولی/اعجاز خان)