عابدہ حسین نے آئندہ الیکشن کیلئے اپنے بیٹے اور بیٹی کو آزاد امید وار نامزد کر دیا

پنجاب کی سیاست کا فیصلہ پانامہ کیس کرے گا، کرپشن کا ایک بھی الزام نہیں، عابدہ

اتوار 11 جون 2017 17:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2017ء) امریکہ میں تعینات سابق سفیر وسینئر سیاستدان سیدہ عابدہ حسین نے کہا ہے کہ پنجاب کی سیاست کا فیصلہ پانامہ کیس کرے گا،آئندہ الیکشن میں اپنے بیٹے اور بیٹی کو آزاد امیدوار نامزد کردیا،سید عابد امام کبیروالا اور صغریٰ امام جھنگ سے الیکشن لڑیں گی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سابق ممبر قومی اسمبلی وسابق سفیر سید عابدہ حسین نے کہا ہے کہ الیکشن2018ء کیلئے نوجوان نسل کو انتخاب لڑنے کا موقع فراہم کریں گے،پورے سیاسی کیریئر میں مجھ پر اور میرے شوہر سید فخر امام پر کوئی ایک روپے کی کرپشن ثابت ہونا تو دور الزام بھی نہیں لگا سکتا،ہم نے کوئی مالی فوائد حاصل نہیں کئے اور نہ ہی ہمارے اوپر کوئی حرف آیا،سیاست میں زیادہ وقت اپوزیشن میں گزارہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کیا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں بیٹا سید عابد امام کبیروالا میں اپنے والد کے حلقے سے انتخاب لڑے گا جبکہ بیٹی صغریٰ امام جو سینئر ممبر صوبائی اسمبلی اور چیئرمین ضلع کونسل جھنگ رہ چکی ہے اس مرتبہ جھنگ سے انتخاب میں حصہ لے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی سندھ میں کامیاب ہوجائے گی جبکہ پنجاب کی سیاست کا فیصلہ پانامہ کیس سے مشروط ہی۔(ولی/حسن رضا)