بھارت کومنہ توڑ جواب اور کشمیریوں کی حمایت پر آرمی چیف کے بیان کو سراہتے ہیں‘میاں مقصود احمد

نوازشریف کا شنگھائی کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کونظراندازکرنا ناکامی ہے‘امیرجماعت اسلامی پنجاب

اتوار 11 جون 2017 16:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2017ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے بھارتی آرمی چیف کی جانب سے اڑھائی فرنٹ کے حوالے سے دھمکیوں پر جنرل قمر جاوید باجوہ کے بھرپور جواب کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ دشمن کو ہرمحاذ پر منہ توڑ جواب دیاجائے گا،پاکستان خطے میں پُرامن طریقے سے مسئلہ کشمیر کا حل چاہتا ہے مگر بدقسمتی سے ہندوستان ریاستی دہشتگردی کو علی الاعلان پروان چڑھارہا ہے،ہم ملک کو درپیش دفاع اور سلامتی کے چیلنجزسے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں،آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کاکشمیریوں کی جرات کو سلام پیش کرنا خوش آئند ہے،ہم کشمیر کو اپنی شہ رگ سمجھتے ہیں اور اس سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کی جانب سے مسلسل کنٹرول لائن پر سیزفائرنگ کی خلاف ورزی تشویش ناک ہے۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسزکی طرف سے چوبیس گھنٹوں کے دوران7نہتے کشمیریوں کو شہید کرنا قابل مذمت ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پاکستان بھارتی مظالم کوعالمی سطح پرا جاگر کرے۔بھارت ہماری سلامتی کے درپے ہے اور مقبوضہ کشمیر میں اپنے حقوق کی جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کوناحق قتل کرکے تحریک آزادی کو دبانے کی کوششوں میں مصروف ہے مگر ان شاء اللہ اسے ناکامی کے سواکچھ نہیں ملے گا۔

کشمیریوں کی تیسری نسل ہندوستان کے ظلم وتشدد کے ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے مذموم عزائم کی تکمیل چاہتاہے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم میاں نوازشریف کو چاہئے تھا کہ شنگھائی کانفرنس کے موقع پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اٹھاتے مگر ایسا نہیں ہوا جبکہ دوسری جانب بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی نے خطاب میں سی پیک کے حوالے سے اپنے خبث باطن اور بے معنی تحفظات کااظہارکرکے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی ہے۔یہ ہمارے دفتر خارجہ کی ناکامی ہے۔ہندوستان ن پاکستان کے خلاف جارحیت کوتیز کررہا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہماری سیاسی وعسکری قیادت بھی بھارتی سازشوں کامقابلہ کرنے کے لیے حکمت عملی وضع کرے۔