کشمیریوں کوکبھی تنہانہیں چھوڑیں گے،بیرسٹرسلطان محمود

پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں شہداء کے لئے عالمی عدالت انصاف کا دروازہ کھٹکھٹانا چاہیے،صدرتحریک انصاف آزادکشمیر

اتوار 11 جون 2017 16:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2017ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدربیرسٹرسلطان محمود چوہدری کہا ہے کہ ہمارے چاہے جتنے بھی سیاسی اختلافات ہوں لیکن آج یہاں مشال ملک صاحبہ کے افطار ڈنر میںکشمیر پرتمام سیاسی اور ہر مکتب فکر کے رہنماء موجود ہیں۔ہم یہاں سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ہم انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

میں ابھی امریکہ اور سات یورپی ممالک کے دورے سے واپس آیا ہوں وہاں پر اب لوگ مسئلہ کشمیر کو سمجھ رہے ہیں۔لہذا اب ہمیں پہلے سے زیادہ کوششوں کی ضرورت ہے۔میں آج یہاں راجہ ظفر الحق کی موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یہ مطالبہ کرتا ہوں کہ حکومت پاکستان بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم و بربریت کو عالمی عدالت انصاف میں لے جائے۔

(جاری ہے)

کیونکہ اگر بھارت اپنے ایک شہری کلبھوشن کو بچانے کیلئے عالمی عدالت انصاف میں جا سکتا ہے تو پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں شہداء کے لئے عالمی عدالت انصاف کا دروازہ کھٹکھٹانا چاہیے۔اگر چہ پاکستان کو پہلے جانا چاہیے تھا لیکن اب بھارت کے جانے سے نظیربن گئی ہے اور پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا کیس عالمی عدالت انصاف میں لے کر جانا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کی طرف سے دئیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس افطار ڈنر میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے شرکت کی اور خطاب کیا جس سے یہ ایک کل جماعتی کانفرنس بن گئی۔اس کا مقبوضہ کشمیر میں اچھا اثر پڑے گا ۔ یہ پیغام جائے کہ ہمارے آپس میں چاہے جیسے بھی اختلافات ہوں کشمیر پر تمام سیاسی قیادت ایک ہے۔

متعلقہ عنوان :