تحریک حریت کی نوجوانوں کو ہراساں کرنے اور انہیںتھانوں میں حاضری دینے پر مجبور کرنے کی شدید مذمت

اتوار 11 جون 2017 16:10

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2017ء) مقبوضہ کشمیر میںتحریک حریت جموں وکشمیر نے ضلع بانڈی پورہ کے علاقے قویل سے تعلق رکھنے والے ثاقب رشید اورآلوسہ کے عبدالحمید ڈار کو بلا جواز پریشان و ہراساں کرنے اور ضلع بڈگام کے علاقے بانڈر پورہ خانصاحب کے عادل رمضان وانی کو پولیس اسٹیشن میں حاضری دینے پر مجبور کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں بھارتی پولیس کی طرف سے نوجوانوں کو ہراساں کرنے، اُن کے گھروں پر چھاپے مارنے اور انہیںتھانوں میں حاضری دینے پر مجبور کرنے کی کارروائیوں کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے دھونس اور دباؤ سے نو جوانوں میں عدمِ تحفظ کا احساس بڑھتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی پولیس نوجوانوں کو پُرامن زندگی گزارنے میں مدد دینے کے بجائے ان کے ذہنی تناؤ اور انتشار میں اضافہ کررہی ہے اور لوگوں کو اس ظلم وجبر کے خلاف احتجاج کرنے پر مجبور کررہی ہے۔

تحریک حریت کے ترجمان نے پولیس کے مظالم کو انتقامی کاورائیاںقرار دیتے ہوئے کہا کہ ان اوچھے ہتھکنڈوں سے حریت پسندکشمیری عوام کو نہ خوفزدہ کیا جاسکتا ہے اور نہ انہیں دبایا جاسکتا ہے۔