کشمیری نوجوان ایک عظیم مقصد کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دے رہے ہیں ، ظفر اکبر

اتوار 11 جون 2017 16:10

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2017ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے تحریک آزادی کشمیر میں اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے کشمیری نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیش بہا قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ظفر اکبر بٹ نے عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں لالپورہ، ٹنگمرگ، سوئیہ بگ، آلہ پورہ، بڈگام ، مانچھوہ، شاکر آباد علاقوں کے دورے کے دوران اپنی تقاریر میں کہا کہ کشمیری نوجوان ایک عظیم مقصد کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دے رہے ہیں جبکہ بھارت انکی آواز کو قتل و غارت کے ذریعے دبانے کی پالیسی پر بدستور عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر عوام بات چیت کے ہرگز خلاف نہیں تاہم جب تک بھارت پہلے جموںوکشمیر کو متنازعہ خطہ تسلیم کر کے مذاکرات کے لیے خلوس نیت کا ثبوت نہیں دیتا ۔

(جاری ہے)

اس وقت تک مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکتے۔ ظفر اکبر بٹ نے کہا کہ بھارت اعتماد سازی کے اقدامات کے طور پر مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بند، یہاں نافذ کالے قوانین کو منسوخ اور غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیریوں کو رہا کرے ۔

انہوں نے رابطہ عوام مہم کے دوران نظر بند کشمیریوں کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی جبکہ شہید نوجوان عبدالواحدکے والد اور شہید عمر سلطان کے چچاحاجی عبدالسلام ڈار کی وفات پر غم زدہ اہلخانہ سے بھی اظہار تعزیت کی۔ ظفر اکبر بٹ نے شہید طفیل احمد متو اور 2010کے انتفادہ کے دوران شہید ہونے والے دیگر نوجوانوںکو بھی شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔